غیر معیاری دواؤں کی رپورٹ نہ کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ
دوا سازادارہ اپنی خامیوں کو چھپانے کی کوشش نہ کرے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ( ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ ادویہ اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ غیر معیاری اشیا کی رپورٹ نہ کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ایس ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ اگر جڑی بوٹیوں اور فارمیسیوں میں رائج دواؤں کے غیر موثر اور غیرمعیاری ہونے کا علم ہوجائے تو ایسی صورت میں اداروں کو مطلع کیا جانا ضروری ہے۔
ایس ایف ڈی اے نے ٹوئٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر بیان جاری میں کہا کہ اگر کسی دوا یا جڑی بوٹی سے تیار کردہ علاج کے بارے میں یہ معلوم ہوجائے کہ وہ غیر معیاری یا غیرموثر یا اس کے سائڈ ایفیکٹس ہیں تو ایسی صورت میں ایس ایف ڈی اے کے ماتحت سائنسی اداروں کو اس کی اطلاع دینا ضروری ہے- اس کی پابندی نہ کرنے والے دوا ساز پر ایک لاکھ ریال کا جرمانہ ہوگا۔
ایس ایف ڈی اے نے بیان میں مزید کہا کہ بسا اوقات دوا سازادارہ اپنی خامیوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔ خامی متعین ہوجانے کے باوجود دوا کی مارکیٹنگ جاری رکھتا ہے- یہ قابل مواخذہ عمل ہے۔
ایس ایف ڈی اے کے مطابق مریض اور صحت ادارے کسی بھی دوا کے بارے میں جو غیرمعیاری ہو یا اس کے منفی اثرات ریکارڈ پر آرہے ہوں اس کی اطلاع کرسکتے ہیں۔ یہ اطلاع آن لائن بھی کی جاسکتی ہے اور شکایتی فارم پر کرکے ڈاک یا فیکس کے ذریعے بھی دی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں