Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ کو آئینی ترمیم کے تحت ہٹانے کی قرارداد منظور

مائیک پنس نے کہا ہے کہ نینسی پلوسی کی جانب سے 25 ویں ترمیم کے تحت کارروائی کا مطالبہ درست نہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام کے بعد یوٹیوب نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل معطل کر دیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اکاؤنٹس کی معطلی سے متعلق دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (ٹوئٹر اور فیس بک) نے کہا تھا کہ مستقبل میں تشدد کے خطرے کے پیش نظر اور خاص طور 20 پر جنوری کو نئے امریکی صدر جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل یہ قدم اٹھایا گیا۔
دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ٹرمپ کو 25 ویں ترمیم کے تحت ہٹانے کے لیے قرارداد منظور کرتے ہوئے نائب صدر مائیک پنس سے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیں۔

 

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آئینی ترمیم کے تحت صدر کو ہٹانے کے لیے نائب صدر اور کابینہ کی اکثریت کو قرار دینا ہوگا کہ صدر ٹرمپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل نہیں۔
امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ صدر ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے 25 ویں آئینی ترمیم کے استعمال کی حمایت نہیں کرتے کیونکہ یہ بہترین قومی مفاد کے منافی ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مائیک پنس نے سپیکر نینسی پلوسی کو لکھا ہے کہ ’صدارتی مدت کے اختتام میں صرف آٹھ دن باقی ہیں۔ آپ اور ڈیموکریٹ ارکان مجھ سے اور کابینہ سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ 25 ویں آئینی ترمیم کا استعمال کیا جائے۔ میں نہیں سمجھتا کہ اس طرح کی کارروائی ہمارے قومی مفاد میں اور آئین سے ہم آہنگ ہے۔‘
امریکی ایوان نمائندگان نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے دھاوا بولنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے کابینہ سے ان کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
نائب صدر پنس کا سپیکر نینسی پلوسی کو لکھا گیا خط امریکی ایوان نمائندگان میں اس قرارداد پر ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہیں اس لیے ان کو ہٹانے کے لیے آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
نینسی پلوسی نے کہا تھا کہ اگر نائب صدر پنس کارروائی کا آغاز کرنے میں ناکام رہے تو اس کے بعد صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ووٹنگ کا عمل ہوگا۔
مائیک پنس نے اپنے خط میں کہا ہے کہ نینسی پلوسی کی جانب سے 25 ویں ترمیم کے تحت کارروائی کا مطالبہ درست نہیں کیونکہ یہ ترمیم کہتی ہے کہ ’صدر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل نہ رہیں‘ جبکہ اس کو ’سزا دینے‘ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

شیئر: