Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک پاکستانیوں کے بچوں کے لیے سکالرشپ کا اعلان

 ماسٹرز اور ایم ایس سطح کے طلبا کو تین ہزار سے پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے ایک لاکھ روپے یا اس سے کم آمدن والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں، بیوی یا خاوند کے لیے تعلیمی سکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔
سکالرشپ حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا و طالبات 15 فروری 2021 سے قبل او پی ایف ہیڈ کوارٹر یا علاقاتی دفاتر میں درخواست فارم جمع کراسکتے ہیں۔
او پی ایف حکام کے مطابق ’ایف اے، ایف ایس، گریجویشن، ماسٹر، ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور انجینیئرنگ کے طلبا وطالبات جن کے والدین، خاوند یا بیوی او پی ایف کے ممبر ہیں وہ اس سکالر شپ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ بچے کو سکالرشپ ملنے کی صورت میں والدین کو سکالرشپ نہیں دی جائے گی۔‘
بیرون ملک وفات پانے والے کسی ورکر کی وفات کو تین سال سے کم عرصہ ہوا ہے تو اس کے بچے بھی سکالرشپ کے اہل ہیں۔
تمام امیدواروں کے لیے سکالرشپ حاصل کرنے کے لیے سابق ڈگری میں کم از کم 60 فیصد نمبر یا پھر دو اعشاریہ پانچ جی پی اے ہونا لازمی ہے۔
سکالرشپ کے تحت گھر سے سکول کالج یا یونیورسٹی جانے والوں کی نسبت ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبا و طالبات کو تقریبا دوگنی رقم دی جائے گی۔ 
ایف اے، ایف ایس سی کے طلبہ کے لیے پندرہ سو اور تین ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ بی اے، بی ایس سی کے لیے دو ہزار 500 اور چار ہزار جبکہ پیشہ ورانہ ڈگری حاصل کرنے والوں کو تین ہزار اور چار ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔

سکالرشپ حاصل کرنے کے لیے کم از کم 60 فیصد نمبر یا پھر دو اعشاریہ پانچ جی پی اے ہونا لازمی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 ماسٹرز اور ایم ایس سطح کے طلبا کو تین ہزار سے پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے۔
ماسٹرز لیول کے طلبہ کو داخلہ فیس، ٹیوشن فیس، امتحانی فیس، لیب فیس اور تھیسز وغیرہ کی فیس بھی ادا کی جائے گی۔
طلبا و طالبات کسی بھی تعلیمی پروگرام کے درمیان ہوں تو بھی وہ سکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

کم آمدن والے بیرون ملک پاکستانیوں کے بچوں کو سکالرشپ دیا جائے گا (فوٹو: روئٹرز)

حکام کے مطابق ایک دفعہ اپلائی کرنے پر صرف ایک سال کے لیے سکالرشپ دی جاتی ہے اور اگلے سال کے لیے نئے سرے سے درخواست دینا ہوگی۔
او پی ایف کے ترجمان کے مطابق ’گزشتہ دو سالوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کے بچوں کو ایک کروڑ 84 لاکھ 70 ہزار روپے سکالرشپ سکیم کے تحت دیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق ’صرف یہی نہیں بلکہ او پی ایف کے تعلیمی اداروں میں بیرون ملک پاکستانیوں کے بچوں کو 50 فیصد فیس معافی دی گئی اور اس مقصد کے لیے گزشتہ دو سالوں میں 2 ارب 20 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔‘

شیئر: