Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین کی سرحد پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی چھوٹ، سعودی شہریوں کا خیرمقدم

کنگ فہد کازوے سعودی عرب اور بحرین کو آپس میں جوڑتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے شہریوں نے بحرین کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی شہریوں کو کنگ فہد کاز وے کے ذریعے بحرین داخل ہونے پر کورونا وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
عرب نیوز کے مطابق وہ لوگ جو بحرین جانے کے خواہش مند ہیں، ان کو بحرین یا مملکت میں کسی بھی تصدیق شدہ لیبارٹری سے 72 گھنٹے میں کروائے گئے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ فراہم کرنا ہو گی۔
موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کیا گیا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ بھی قابل قبول ہوگا۔
بحرینی حکام نے سیاحوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 17 جنوری سے ہوگا جس کا مقصد سعودی عرب سے بحرین کا سفر آسان بنانا ہے۔
مملکت کے مشرقی صوبے کے شہریوں نے اس فیصلے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
دمام میں مقیم مصری شہری سمیع سمیر نے اس اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحرین میں ان کے کافی رشتے دار ہیں اور وہاں سے ان کا کاروباری تعلق بھی ہے۔
بقول ان کے ’اب میں آسانی سے بحرین کا سفر کر سکتا ہوں، اپنے رشتہ داروں، دوستوں سے مل سکتا ہوں اور اپنے کاروبار کے لیے بھی جا سکتا ہوں۔‘
انڈین شہری فخرالدین احمد، جو کہ دمام میں رہائش پذیر ہیں، کا کہنا ہے کہ ’اس چھوٹ سے بحرین اور سعودی عرب کی معیشتوں میں اربوں ڈالرز اضافہ ہوگا۔ سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے جو کہ ممکنہ طور پر مملکت کی سیاحت کی صنعت کو دوبارہ کھڑا کر دے گا۔‘ 

بحرین کے فیصلے پر سعودی شہریوں کا کہنا ہے کہ اب ان کو سفر میں آسانی ہوگی (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے کہا کہ بحرین اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے سیاحتی اور تجارتی تعلقات ہیں۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی تک دونوں ممالک کے درمیان تجارت 43 فیصد تک بڑھی تو سرحد کھولنے سے معیشت مزید بہتر ہو گی۔
بزنس مین حماد الحماد، جو مشرقی صوبے کے چیمبر آف کامرس بورڈ کے رکن ہیں، کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے سعودی حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں پر بحرین کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت ان پہلے ممالک میں سے ایک ہے، جنہوں نے بغیر کسی استثنیٰ کے یکساں شہریوں اور رہائشیوں کو کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کی۔

کنگ فہد کاز وے مشرق وسطیٰ میں ایک مصروف ترین کراسنگ پل ہے (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے امید ظاہر کی اس فیصلے سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا کیونکہ اس فیصلے سے کاروبار زیادہ آسانی سے ہوگا اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔
خُبر میں رہنے والے امیر خسرو کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نقل و حرکت محدود ہوگئی تھی، اب بغیر کسی مشکل کے ہم آ جا سکیں گے۔
بلہامار ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین سلیم بلہامار کا کہنا ہے کہ بحرینی حکومت کے فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

شیئر: