Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برسبین میں نئی تاریخ رقم، انڈیا ٹیسٹ سیریز جیت گیا

رشبھ پنٹ نے 89 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے برسبین میں جاری چوتھے ٹیسٹ میں منگل کو آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو - ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔
آسٹریلیا نے انڈیا کو دوسری اننگز میں جیت کے لیے 328 رنز کا بھاری ہدف دیا تھا، جسے انڈیا نے ریکارڈ بناتے ہوئے پانچویں روز سات وکٹوں پر پورا کیا۔
1988 کے بعد یہ انڈیا کی برسبین کی گابا گراؤنڈ میں پہلی فتح ہے۔ انڈین ٹیم نے گابا میں رنز کے تعاقب کا 69 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔
انڈیا کی طرف سے جب دوسری اننگز کا آغاز ہوا تو روہت شرما صرف سات رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ جس کے بعد شھبمن گل اور چیٹیشور پجارا نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور آگے بڑھایا۔ شھبمن گل 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پجارا 56 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کا کام وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنٹ نے سنبھال لیا اور 89 رنز ناٹ آؤٹ کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
میچ کی بعد رشبھ پنت کہا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا موقع ہے۔
رشبھ کا کہنا تھا کہ یہ سیریز ان کا ایک خواب تھا، ٹیم انتظامیہ نے ہمیشہ ان کی حمایت کی اور میچ جیتنے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔
رشبھ پنت نے میچ جیتنے کے بعد ٹویٹ کیا کہ جب حالات سازگار نہ ہوں تو مزید کوشش کی جاتی ہے، وہ یہ سیریز کبھی نہیں بھولیں گے، مشکل وقت میں ایک دوسرے پر یقین کیا اور حوصلہ افزائی کی، اور اس سیریز میں جیتنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یقین کے ساتھ ہر چیز حاصل کی جا سکتی ہے۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 369 اور دوسری اننگز میں 294 رنز بنائے تھے۔
اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انڈیا کی تمام بیٹنگ لائن 36 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جو انڈیا کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم سکور ہے۔
وراٹ کوہلی کی جگہ باقی تین ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے اجنکیا ریہانے کا کہنا ہے کہ ’یہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ میں نہیں جانتا کہ اس فتح کو کیسے بیان کروں لیکن مجھے اپنے تمام لڑکوں پر بہت فخر ہے۔‘
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے کہا ’میں بالکل مایوس ہوں، اس میں کوئی شک نہیں۔ ہم یہاں ٹیسٹ اور سیریز جیتنے آئے تھے۔‘

شیئر: