Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ٹیم کی نئی جرسی، ’پٹرول پمپ کے ملازمین کی وردی‘

انڈین کرکٹ ٹیم اتوار کو میزبان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں اپنے روایتی نیلے رنگ کی جرسی کے بجائے نارنجی اور گہرے نیلے رنگ کی جرسی پہن کر برمنگھم کے میدان میں اتری ہے۔
اگرچہ انڈین کپتان ویراٹ کوہلی کو جرسی کا نیا رنگ بہت پسند آیا ہے لیکن انڈین کرکٹ فینز اور سوشل میڈیا صارفین کو یہ جرسی ایک آنکھ نہیں بھائی۔
سوشل میڈیا پر انڈین کرکٹ بورڈ کا مذاق اڑایا جا رہا ہے کہ انہوں نے ٹیم کی جرسی کے لیے کیسا رنگ منتخب کر لیا جسے پہن کر ٹیم کے کھلاڑی پٹرول سٹیشن پر کام کرنے والوں کی طرح لگ رہے ہیں۔
سنیچر کو انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے انڈین ٹیم کی نئی جرسی کی رونمائی کی۔
خیال رہے کہ جب سے کرکٹ میں رنگین لباس پہننے کی شروعات ہوئی ہیں تب سے نیلا رنگ انڈیا کی جرسی کا غالب رنگ رہا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آٹھ ٹیموں کے پاس یہ آپشن ہوتا ہے کہ مدمقابل ٹیموں کی جرسی کے رنگ آپس میں ملتے ہوں تو ایک ٹیم متبادل رنگ استعمال کر سکتی ہے۔
چونکہ انگلینڈ کی ٹیم کی وردی کا رنگ بھی نیلا ہے اس لیے اتوار کو انڈین ٹیم اورنج اور گہرے نیلے کلر کی شرٹ میں میدان میں اتری ہے۔

  ٹویٹر پر کئی صارفین نئی جرسی کا مذاق اڑا رہے ہیں اور اسے انڈیا کی سرکاری آئل کمپنی ’انڈین آئل‘ کے ملازمیں کی وردی سے موازنہ کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی 

 انڈین ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ہفتے کو میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ٹیم کی نئی جرسی کی رونمائی کے موقعے پر کہا کہ انہیں نیا رنگ بہت پسند آیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے 10 میں سے آٹھ نمبر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’نئی شرٹ میں رنگوں کا کنٹراسٹ بہت اچھا ہے اور ایک گیم کے لیے یہ بہت فٹ ہے۔ تاہم میرا نہیں خیال کہ ہم اسے مستقل پہنیں گے کیونکہ نیلا ہمارا مستقل رنگ ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔‘
تاہم انڈیا کی ٹیم کی نئی جرسی نے انڈیا میں تنازعے کو جنم دیا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیر اعظم نریندر کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے پارٹی کا رنگ قومی ٹیم پر تھوپ دیا ہے۔
 ٹوئٹر پر کئی صارفین نئی جرسی  کے رنگ کا مذاق اڑا رہے ہیں اور اس کا انڈیا کی سرکاری آئل کمپنی ’انڈین آئل‘ کے ملازمین کی جانب سے پہننے والی وردیوں سے موازنہ کر رہے ہیں۔
صارفین انڈین کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا مذاق کھلاڑیوں کی فوٹو شاپ تصاویر شئیر کرکے اڑا رہے ہیں جن میں کھلاڑیوں کو پٹرول سٹیشن پر کھڑا دکھایا گیا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ یہ ٹیم کی نئی کٹ اصل میں پٹرول پمپ کے ملازمین کی وردی کی طرح لگ رہا ہے۔ اسے مکمل طور پر اورنج رنگ کا ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے بی سی سی آئی کے ٹوئٹر ہینڈل کو مینشن کرکے پوچھا کہ انہوں نے کیوں اس رنگ کی جرسی منتخب کی۔
خیال رہے سری لنکا نے بھی انگلینڈ کے خلاف میچ میں زرد رنگ کی جرسی منتخب کی تھی اور انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دینے کے بعد زرد رنگ کی جرسی کو ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: