سعودی آرامکو اور ایس ٹی سی نے سپر کمپوٹر تیار کرلیا
سعودی آرامکو اور ایس ٹی سی نے سپر کمپوٹر تیار کرلیا
منگل 19 جنوری 2021 20:13
نئے کمپیوٹر کو ’الدمام 7‘ کا نام دیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی آرامکو اور ایس ٹی سی نے منگل کو سپر کمپوٹر کی رونمائی کا اعلان کیا ہے جو دنیا کے دس بڑے طاقت ور ترین کمپیوٹروں میں شامل ہے۔
عرب نیوز اورسعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نئے کمپیوٹر کو ’الدمام 7‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ سعودی عرب میں پہلے تیل کنویں کو یاد گار بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ نیا کمپیوٹر وادی الظہران میں تیار ہوا ہے۔ اسے تیل کی تلاش اور تیل کے کنویں کو جدید تر بنانے کا کام لیا جائے گا۔ اس کی بدولت تیل کی تلاش اور سرمایہ کاری کے شعبے میں فیصلے بآسانی لیے جاسکیں گے۔
دونوں کمپنیوں نے ایک بیان میں کہا کہ سپر کمپیوٹر ایکسپلوریشن اور ڈویلمپنیٹ دونوں میں نئے مواقع کی پیشکش کرتا ہے۔ تحقیق اور سرمایہ کاری کے فیصلوں پر آرامکو کی فیصلے سازی میں اضافہ کرتا ہے۔
آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ناصر نے کہا ’جدید ٹیکنالوجی میں مستقل سرمایہ کاری ہماری کمپنی کی طویل المیعاد ترقی کی حکمت عملی کا ایک لازمی حصہ ہے اور دمام 7 ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ہمارے منصوبے کا ایک اور قدم ہے جس سے پیداوار میں لچک پیدا ہوتی ہے۔‘
’الدمام 7‘ نہایت موثر کمپیوٹر ہے۔ اس کی کارکردگی 55.4 بیٹا گلوب ہے اور یہ دنیا بھر میں جیو فزیکل ڈیٹاسیٹس پر پراسیس اور تصویری شکل دے سکتا ہے۔ یہ کمپیوٹر تیل پیداوار اور تلاش کے روایتی طور طریقوں کو ماضی کا قصہ بنادے گا۔
سعودی آرامکو کے سربراہ انجینیئر امین الناصر نے کہا کہ یہ کمپیوٹر انتہائی تیز رفتار، مشرق وسطی میں سب سے طاقتور اور دنیا بھر میں نمایاں ترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’الدمام 7‘ سپر کمپیوٹر تیل پیداوار اور تلاش کے شعبے میں طویل المیعاد حکمت عملی کے نفاذ میں معاون بنے گا۔ 80 برس سے زیادہ عرصے میں حاصل کردہ زبردست معلومات، اعدادوشمار کا خلاصہ چند گھنٹوں میں مل جائے گا اور یہ اس کمپیوٹر کی بدولت ہوگا۔
’الدمام 7‘ سپر کمپیوٹر سے اخراجات محدود ہوں گے۔ اس سے کاربن کی آلودگی کم ہوگی اور توانائی کی استعداد بہتر ہوگی۔