Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم کمیشن کا 28 پراجیکٹس پر کام شروع کرنے کا اعلان

فلم کمیشن نے گزشتہ سال چار کٹیگریز میں میں مقابلہ جیتنے والوں کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: سعودی فلم کمیشن
سعودی فلم کمیشن نے فلموں سے متعلق 28 منصوبوں کے لیے چار کروڑ ریال کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ پراجیکٹس گزشتہ برس ’ڈا‘ مقابلے میں جیتنے والی انٹریز کے ہیں جن میں سکرپٹ کی تیاری اور مختصر و طویل دوانیے کی فیچر فلموں کی پروڈکشن شامل ہے۔
فلم کمیشن نے گزشتہ سال چار کٹیگریز میں میں مقابلہ جیتنے والوں کا اعلان کیا تھا۔ شرکت کرنے والے آٹھ افراد کو فیچر فلموں کے سکرپٹ مکمل کرنے کی کٹیگری میں انعام سے نوازا گیا، گیارہ کو مختصر فلموں کی کٹیگری میں، چھ کو سکرپٹ تیاری کی کٹیگری میں، دو کو طویل دورانیے کی فلموں اور تین کو طلبہ کی کٹیگری میں انعام کا مستحق قرار دیا گیا تھا۔

 

فلم میکر اور کمیشن کے چیف ایگزیکٹو افسر عبداللہ القحطانی نے کلچرکل پراجیکٹس خاص طور پر ’ڈا‘ مقابلے کے لیے تعاون کرنے پر وزیر برائے کلچر و کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ  بدر بن عبداللہ بن فرحان کا شکریہ ادا کیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سینیما کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کے ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ کے تحت فلم کمیشن نے ستمبر 2019 میں ’ڈا‘ مقابلے کا انعقاد کیا تھا۔
القحطانی نے بتایا کہ ڈا مقابلے میں شرکت کے لیے اہلیت رکھنے والے شرکا کو پانچ مرحلوں سے گزرنا پڑا اور اس کے بعد جیتنے والوں کا اعلان کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے یہیں ختم نہیں ہوئے بلکہ اب ان 28 پراجیکٹس کی پروڈکشن کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے جس کے لیے تقریبا چار کروڑ ریال کا فنڈ مختص ہے۔
کمیشن کے چیف ایگزیکٹو نے نئی نسل کے سعودی فلم میکرز کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہمارے پاس اب ایک کمیونٹی ہے، تعاون موجود ہے اور سپورٹرز بھی ہیں جو ایک ہی زبان بولتے ہیں۔ اور فلموں کے لیے ایک جیسے جذبات رکھتے ہیں۔‘
ان مقابلوں کا مقصد مملکت میں فلم انڈسٹری کو آگے بڑھانے میں مدد، سعودی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور اس کو علاقائی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پیش کرنا ہے۔

شیئر: