سعودی عرب سیاحت کے فروغ کی عالمی کوششوں کی حمایت کے لیے پُرعزم
جمعرات 21 جنوری 2021 10:48
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم نے ریاض میں دینا کا پہلا علاقائی دفتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کے 113 ایگزیکٹو کونسل اجلاس میں شرکت کی۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں تمام ممبر ممالک کے تعاون سے تنظیم کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ عالمی سیاحتی شعبے کی خدمات اور اس سے منسلک پروٹوکولز کو بہتر بنایا جا سکے، اس سے مسافروں پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے اور نجی شعبے میں سیاحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
سعودی وزارت سیاحت میں بین الااقومی تعلقات کے شعبے میں بطور جنرل سپروائزر حائفہ الجیدیہ نے کہا کہ ’سعودی عرب یو این ڈبلیو ٹی او کے ساتھ تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔‘
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’تنظیم کی جانب سے ریاض میں دنیا کا پہلا علاقائی دفتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر کام اس سال شروع کر دیا جائے گا‘۔
الجیدیہ نے کہا کہ علاقائی دفتر نہ صرف اس خطے کے ممالک بلکہ افریقہ اور ایشیا کے لیے بھی ایک معاون عنصر ثابت ہوگا۔
ویژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے مطابق سعودی عرب میں سیاحت ایک بنیادی ستون ہے۔
مملکت 2030 تک سالانہ 100 ملین زائرین کی میزبانی کرنے کے مقصد کے علاوہ عالمی سطح پر سیاحت کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے۔
جدید دنیا کے ایک سیاحتی مقام کی حیثیت سے سعودی عرب نے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس شعبے میں خدمات کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔