سشانت کی سالگرہ، ’آپ کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا‘
جمعرات 21 جنوری 2021 9:49
سشانت سنگھ کی 35 ویں سالگرہ پر بالی وڈ فنکار اور ان کے مداح سوشل میڈیا پر ان سے جڑی یادیں شیئر کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ میں اپنی محنت کے بل بوتے پر قدم جمانے والے سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے جنم دن پر ان کے چاہنے والے انہیں اپنے اپنے انداز سے یاد کر رہے ہیں۔ ہر وقت اپنے چہرے پر مسکراہٹ سجائے زندگی سے بھرپور نظر آنے والے سشانت سنگھ کی اچانک موت نے ان کے اہلخانہ اور دوستوں سمیت ان کے پرستاروں کو بھی توڑ کر دیا تھا۔
سشانت سنگھ کی 35 ویں سالگرہ پر بالی وڈ فنکار اور ان کے مداح سوشل میڈیا پر ان سے جڑی یادیں شیئر کر رہے ہیں۔
کنگنا رناوت نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ڈیئر سشانت مووی مافیا نے آپ پر پابندی لگائی، آپ کی تضحیک کی، آپ کو ہراساں کیا، کئی بار آپ نے سوشل میڈیا پر مدد کے لیے آواز اٹھائی مجھے افسوس ہے کہ میں آپ کے لیے اس وقت کچھ نہیں کر سکی۔ کاش میں یہ نہ سمجھی ہوتی کہ آپ خود مافیا کے ٹارچر سے نبٹ لیں گے۔ کاش۔ُ‘
فلم ’کائی پو چے‘ کے ہدایتکار ابھیشیک کپور نے انسٹاگرام پر سشانت کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یاد کرتا ہوں یار تجھے۔‘
پلک کیریا نامی صارف نے سشانت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمیں بہت جلد چھوڑ کر چلے گئے، اتنے دن گزر جانے کے باوجود ہمیں اب بھی یقین نہیں آتا کہ آپ ہم میں نہیں لیکن آپ ایک بہترین اداکار کے طور پر ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔‘
ایک اور صارف شباسس نایک نے لکھا کہ ’ہمارا سپرسٹار آسمان پر ستاروں کے درمیان سب سے زیادہ چمک رہا ہوگا۔ کاش آپ واپس آ سکتے، ہم آپ کو یاد کرتے ہیں۔‘
کریتی نامی صارف نے لکھا کہ ’ سات ماہ بعد بھی ابھی تک انصاف نہیں مل سکا۔‘
سشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کریتی کے ٹوئٹر ہینڈل سے سشانت کی بچپن کی ایک تصویر شیئر کی گئی جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’یہ مسکراہٹ سب کا دل پگھلا سکتی ہے۔‘
ٹارچ بیئرر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’سالگرہ بہت بہت مبارک ہوں سشانت، آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ صرف بالی وڈ ہی نہیں انڈیا نے بھی ایک ہیرا کھویا ہے۔‘
پنکج گلاٹی نامی صارف نے لکھا کہ ’سشانت بالی وڈ میں آپ کی جگہ کبھی بھی پُر نہیں ہو سکتی۔ ہم آپ کو ہر دن یاد کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ آپ کو جلد سے جلد انصاف مل سکے۔‘