ریاست بہار نے سی بی آئی سے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو:انسٹاگرام)
انڈین سپریم کورٹ نے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے تفتیشی ادارے سی بی آئی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ریاست بہار کی جانب سے انڈیا کے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی سے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
انڈین سپریم کورٹ نے بدھ کو سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریاست بہار کی حکومت کے مطالبے کو درست قرار دیا۔
فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس رشی کیش رائے نے کہا کہ 'بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایف آئی آر درج کیے جانا قانونی طور پر درست تھا۔'
اس مقدمے میں کئی فریق تھے۔ ریا چکربورتی کی جانب سے ایڈوکیٹ شیام دیوان جبکہ حکومت بہار کی جانب سے منندر سنگھ نے دلائل پیش کیے۔
دوسری جانب سشانت سنگھ راجپوت کے والد کی طرف سے وکاس سنگھ جبکہ مہاراشٹرا حکومت کی طرف سے کانگریس رہنما اور معروف وکیل ابھیشیک منو سنگھوی سماعت کے وقت موجود تھے۔
اس سے قبل ریا چکربورتی نے 16 جولائی کو انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 'میں سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی ہوں۔ ان کی اچانک موت کو ایک ماہ ہوگیا ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ 'مجھے حکومت پر مکمل اعتماد ہے لیکن انصاف کے مفاد کودیکھتے ہوئے میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے سی بی آئی جانچ کرانے کا مطالبہ کرتی ہوں۔'
عدالت کے اس فیصلے کے بعد ان کا ردعمل ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے لیکن اداکار سشانت سنگھ کی بہن شویتا نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'ہیئر وی گو، آخر کار سشانت کے لیے سی بی آئی!' اس کے ساتھ انھوں نے 'سی بی آئی ٹیکس اور' ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بہار کے ڈی جی پی نے کہا ہے کہ 'آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ بہارپولیس کا موقف درست تھا۔'
بالی وڈ کی کئی نامور شخصیات نے انڈین سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ 'دبنگ' اداکار سونو سود نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے خوش ہیں۔
اداکار اور فلم ساز ستیش کاشک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'آخر کار سشانت سنگھ کے اہل خانہ اور قوم کو حق حاصل ہوگیا ہے کہ سشانت سنگھ کی موت کے پیچھے چھپی حقیقت جانیں۔'
بالی وڈ اداکار پریش راول نے بھی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا کہ 'سچ اور انصاف غالب آئے گا۔ شکریہ سپریم کورٹ۔ ویلکم سی بی آئی
'ایم ایس دھونی' اور 'پی کے' جیسی سپرہٹ فلموں میں بہترین اداکاری سے مداحوں کا دل جیتنے والے سشانت سنگھ راجپوت کی نعش 14 جون کو ممبئی کے باندرامیں واقع ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔
سشانت سنگھ ے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ان کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے انھیں خودکشی کرنے پر اکسایا اور انھیں اپنے خاندان کے افراد سے دور کردیا۔
دوسری جانب ریا چکربورتی نے اس معاملے میں خود کو متاثرہ کہا ہے اور انھوں نے بھی مرکزی تفتیشی ادارے سے جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔