Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ کیا اور نوجوانوں کے لیے کتنی نقصان دہ؟

اگر آپ ہر وقت تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں تو وٹامن ڈی کا ٹیسٹ کرائیں۔ فوٹو: فری پک
وٹامن ڈی جسم کے لیے سب سے اہم وٹامن ہے۔ یہ جسم کے بیشتر افعال کے ساتھ وابستہ ہے، اور حالیہ دنوں میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی نوجوانوں میں جارحانہ رویے اور دیگر کئی صحت سے متعلق مسائل کا باعث بنتی ہے۔
نئی تحقیق  وٹامن ڈی کے بارے میں کیا کہتی  ہے؟ اس کا جواب جرمن ویب سائٹ ڈی ڈبلیو کے مطابق کچھ اس طرح دیا گیا:

 

وٹامن ڈی جسم کے لیے ایک اہم غذائیت ہے۔ وٹامن ڈی کی کمی آسٹیوپوروسس اور گٹھیا کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔ امریکہ کی مشی گن یونیورسٹی میں محققین کی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم عمر لڑکوں میں وٹامن ڈی کی کمی جارحانہ رویے کے ظہور کا باعث بن سکتی ہے۔ اس تحقیق میں کمسن بچوں میں وٹامن ڈی کی کمی اور  جارحانہ رویے کے مابین ربط کا انکشاف بھی  ہوا ہے۔

وٹامن ڈی کی کمی اور جارحانہ رویہ

وٹامن ڈی کی کمی کے شکار بچوں سے جب طرزعمل اور سلوک کا ٹیسٹ لیا گیا تو نتائج خطرناک تھے۔ ان نتائج سے واضح ہوا کہ وٹامن ڈی کی کمی ذہنی بیماریوں جیسے شیزوفرینیا اور جوانی میں ڈپریشن جیسے عوارض کا سبب بنتی ہے۔

جسم میں وٹامن ڈی کا کردار

امریکی ریاست شکاگو کے لارپیڈا چلڈرن ہاسپٹل میں ایک غذائیت کی ماہر کا کہنا ہے کہ ’وٹامن ڈی کے جسم میں متعدد اور مختلف کردار ہوتے ہیں، جن میں نمو، اعصاب اور پٹھوں کی مضبوطی، اور سوجن کو کم کرنا شامل ہیں۔‘ وہ کہتی ہیں کہ بہت ساری تحقیقات نے وٹامن ڈی کی کمی کو دل کی بیماری سے جوڑا ہے۔ خون کی شریانوں کے مسائل، کینسر ہونا، موسمی بیماریوں سے متاثر ہونا، ذہنی بیماریاں، نفسیاتی اضطراب وغیرہ کا سبب بنتی ہے۔

اچھی صحت کے لیے غذا کے ماہر تازہ سبزیاں اور پھل خوراک میں شامل کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

وٹامن ڈی کے ذرائع

وٹامن ڈی کو ’سورج وٹامن‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، مطلب یہ سورج کی روشنی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح یہ مختلف کھانوں سے بھی مل سکتا ہے جیسے مچھلی، انڈے اور دودھ کی مصنوعات وغیرہ۔ تاہم کھانے کی چیزیں بہت کم مقدار میں وٹامن ڈی مہیا کرتی ہیں۔ اگرچہ سورج میں وقت گزارنا بہت ضروری ہے اور وٹامن ڈی کے حصول کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے، لیکن احتیاط بھی ضروری ہے کیونکہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے جلد کو نقصان پہنچتا ہے اور جلد کے کینسر کا سبب بھی بنتی ہیں۔
اس معاملے میں  سب سے موزوں حل یہ ہے کہ فارمیسیوں میں دستیاب وٹامن ڈی کی گولیاں استعمال کریں تاکہ اس کی کمی کا سامنا نہ ہو البتہ اس کے لیے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کر لیں۔

وٹامن ڈی کی کمی کی وجوہات کیا ہیں؟

وٹامن ڈی کی کمی کی سب سے بڑی وجہ چھت کے نیچے طویل وقت گزارنا اور سورج کی روشنی کے سامنے نہ آنا ہے۔ اسی طرح غذائی قلت یا انتہائی آلودہ علاقوں میں رہنا بھی اس کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ زیادہ وزن ہونے کی صورت میں یا عمر بڑھنے کے ساتھ  بھی اس میں کمی ہوتی ہے
ڈاکٹرز اور محققین وٹامن ڈی سے بھرپور اشیا کھانے کا مشورہ دیتے ہیں جن میں انڈے اور مچھلی سرفہرست ہے، اسی طرح سورج کی روشنی لینا، صحت مند وزن برقرار رکھنا، باقاعدگی سے ورزش کرنا، اپنی صحت کی نگرانی کرنا اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنا، خاص طور پر نوجوانوں کا، کیونکہ وہ وٹامن ڈی کی کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

شیئر: