مکہ میں فائرنگ کرنے والے تین شہری گرفتار
فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی گئی تھی۔ ( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس نے تقریب میں فائرنگ کرنے والے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔
مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے کہا ہے کہ شہر میں ایک تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی جس پر تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ قانون کے مطابق شادی بیاہ سمیت کسی بھی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ پر پابندی ہے۔
ماضی میں اس رسم کی وجہ سے جانی نقصان ہوتا رہا ہے۔ تین مقامی شہریوں نے تقریب میں فائرنگ کی پابندی کی خلاف ورزی کی بلکہ انہوں نے اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی وڈیو شیئر کرنے والے تینوں مقامی شہریوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔
تینوں عمر کے تیسرے عشرے میں ہیں۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔