ریاض میں خاندانی تنازع پر ملزم کی فائرنگ، پولیس اہلکاروں سمیت تین ہلاک
ملزم کو گرفتار کرکے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے: فوٹو سبق
سعودی عرب مشرقی ریاض میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جس نے فائرنگ کر کے اپنی اہلیہ کے بھائی اور دو سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق یہ واقعہ ریاض کے مشرقی علاقے المعیزیلہ میں پیش آیا۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض پولیس کے میڈیا ترجمان خالد الکریدیس نے ایک بیان میں بتایا کہ منگل کو علی الصباح دو بجے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک سعودی شہری نے المعیزیلہ ڈسٹرکٹ کے ایک گھر میں اپنی اہلیہ کے بھائی کو خاندانی تنازع کے باعث اسلحے کے زور یرغمال بنایا ہوا ہے۔
پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر ملزم نے خود کار اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے اس کی اہلیہ کا بھائی اور دو سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار ٹانگ گولی لگنے سے زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
میڈیا ترجمان خالد الکریدیس کے مطابق مفرور ملزم کا تعاقب کیا گیا اور ریاض ریجن کے شمال مشرق میں تین سو کلو میڑ ایک زرعی فارم بہجرہ الرفیعہ میں اسے گھیر لیا گیا ، ملزم نے مزاحمت کی تاہم پولیس نے اس کے پاؤں میں گولی مار دی اور اسے گرفتار کرلیا۔
ملزم کو حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی اور اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔