کورونا دوا کی دنیابھر میں ترسیل کےلئے ویکسین لاجسٹکس الائنس کا قیام
کورونا دوا کی دنیابھر میں ترسیل کےلئے ویکسین لاجسٹکس الائنس کا قیام
اتوار 31 جنوری 2021 19:07
رواں سال کورونا ویکسین کی دو ارب خوراکیں تقسیم کرنے کا ارادہ ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
دنیا بھر میں ویکسین کی ترسیل کو تیز کرنے کے لئے دبئی میں ویکسین لاجسٹک الائنس کا آغاز کیا گیا ہے، یہ الائنس کورونا سے زیادہ متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے کام کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) رواں سال کورونا ویکسین کی دو ارب خوراکیں مساوی طور پر تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کی تقسیم کے لیے اس الائنس کا قیام عمل میں آیا ہے۔
یہ الائنس امارات ائیر لائنز، ڈی پی ورلڈ اور دبئی ایئرپورٹ سمیت دبئی میں قائم متعدد کمپنیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ حاصل کرے گا۔
دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر، دبئی ایئرپورٹ کے چیئرمین اور امارات کے چیئرمین و سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مشترکہ اتحاد کورونا ویکسین کی تقسیم کے لیے تمام شراکت داروں کو ان کی صلاحیتوں اور اس کام کو تکمیل تک پہنچانے کا بہترین موقع مہیا کرے گا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی ہے کہ ویکسین کی تقسیم کےاس الائنس کی بدولت ان علاقوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی جہاں کی آبادی وبائی مرض کا زیادہ شکار ہے اور دوا یا ویکسین بنانے والی کمپنیوں یا تقسیم کنندہ کو وہاں تک دوا پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ الائنس اپنے اہداف کے حصول کے لیے دوا تیار کرنے والی کمپنیوں، سرکاری ایجنسیوں اور ویکسین کی تقسیم سے متعلق دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پال گریفتھس نے کہا ہے کہ دبئی اپنے مرکزی مقام کی وجہ سے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے۔
پال گریفتھس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی کے مرکزی مقام بنانے کا مطلب یہ ہے کہ یہاں سے صرف چار گھنٹے کے اندر اندر دنیا کی 80 فیصد آبادی تک آسانی سے رسائی ممکن ہے۔
اسی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی تقسیم کا انتہائی اہم مرکز بنانے کے لیے یہاں سے اس الائنس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔