Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پابندی سے جہازوں کے کرائے پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟

پی آئی اے اور السعودیہ کی جانب سے سروس کی فراہمی جاری ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں چار فروری 2021  کی شب ’کورونا وائرس‘ کی دوسری لہر کے سبب 20 ممالک پرعائد کی گئی یک طرفہ پابندی کے باعث مملکت سے چھٹی پر گئے ہوئے افراد کووقتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم مملکت سے جانے والے مسافروں کی روانگی کا شیڈول متاثر نہیں ہوا۔ 
اندورون مملکت بھی پروازیں حسب سابق جاری ہیں تاہم سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کویقینی بنائیں۔ 
یک طرفہ سفری پابندی کے بعد مملکت کے 20 ممالک جن میں پاکستان بھی شامل ہے سے آنے والی یومیہ 259 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ 
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا کہ پاکستان سے پی آئی اے اور السعودیہ ایئر کی ہفتہ وار 23 پروازیں آتی تھیں جن میں 4 پروازیں مدینہ منورہ، 5 دمام، 5 ریاض، 5 جدہ اور 4 بریدہ شہر کی ہیں جبکہ سب سے زیادہ امریکہ سے مختلف فضائی کمپنیوں کی یومیہ 25 پروازیں مملکت آتی تھیں جن میں 5 مدینہ منورہ، 7 جدہ، 7 ریاض اور 6 پروازیں دمام کےلیے مخصوص تھیں۔ 
امارات ایئر لائن کی یومیہ پروازوں کی تعداد 15 تھی جن میں 3 مدینہ منورہ، 3 ریاض، 3 جدہ، 3 بریدہ اور 3 دمام کےلیے مخصوص تھیں۔   
ترکی سے بھی ہفتہ وار 25 پروازیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ جرمنی سے ہفتہ وار آنے والی پروازوں کی تعداد 22 ہے اور انڈیا سے السعودیہ اور انڈین ایئرلائن کی یومیہ پروازوں کی تعداد 21 ہے۔ 
پابندی سے کرایوں پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
 اطلاعات کے مطابق پروازوں پر عائد کی جانے والی یک طرفہ پابندی کے بعد پی آئی اے اور السعودیہ ایئر کی جانب سے سروس کی فراہمی جاری ہے۔ اس حوالے سے ٹریول ایجنسی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ سفر پریک طرفہ پابندی کی وجہ سے  کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

امارات ایئر لائن کی یومیہ پروازوں کی تعداد 15 تھی(فوٹو ایس پی اے) 

ایک اور ٹریول ایجنٹ کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے السعودیہ ایئر لائن کے یک طرفہ کرایوں میں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی تاہم اگر سفر پر پابندی زیادہ عرصے کےلیے برقرار رہتی ہے تو کرایوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
السعودیہ ایئر کی ویب سائٹ کے مطابق 8 فروری 2021 کےلیے جدہ سے اسلام آباد کے لیے یک طرفہ کم سے کم کرایا 879 ریال ہے جبکہ 9 فروری کے لیے کم از کم کرایہ 1032 ریال ہے۔ 
دوسری جانب مصر ایئرلائن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں غیر ملکیوں کی آمد پر پابندی کے باوجود سعودی عرب میں مقیم اپنے شہریوں کو واپس لانے کےلیے فضائی سروس جاری رہے گی۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کے بعد گزشتہ ماہ سے ان میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کی بنیادی وجہ لوگوں کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے حوالے سے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرنا بتایا گیا ہے۔ 

سول ایوی ایشن کی جانب سے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)

 احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سول ایوی ایشن کے ذرائع کی جانب سے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس میں مسافروں کو اس امر کی تاکید کی جارہی ہے کہ وہ ماسک اور سماجی فاصلے کا اہتمام کریں۔ 
مملکت کے ہوائی اڈوں پر آنے والوں کےلیے ’توکلنا ‘ ایپ میں رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔علاوہ ازیں ایئر پورٹ پر وزارت صحت کا عملہ ہمہ وقت متعین ہے جو مسافروں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے بعد انہیں امیگریشن کی جانب جانے کی اجازت دیتا ہے۔ تمام ہوائی اڈوں پرمسافروں کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت سو ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کی رہنمائی کے لیے اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔

شیئر: