سفری پابندیوں کے بعد مسافروں کی اقامے اور خروج وعودہ کے بارے میں الجھنیں
سفری پابندیوں کے بعد مسافروں کی اقامے اور خروج وعودہ کے بارے میں الجھنیں
جمعرات 4 فروری 2021 0:15
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
حکام کی جانب سے تاحال پابندی کے اختتام کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان سمیت 20 ملکوں کے لیے عارضی سفری پابندی لگائی گئی ہے۔
سفری پابدیوں سے چھٹیوں پر گئے ہوئے ہزاروں افراد سفری پابندی کے خاتمے، خروج وعودہ اور اقامے کی مدت کے حوالے سے استفسار کر رہے ہیں۔
ان میں سے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے انیس الرحمان نے سوال کیا ہے کہ گزشتہ روز بدھ کو سعودی عرب جانے والوں پر سفری پابندی کا اعلان کیا گیا۔ میری واپسی 15 فروری کو تھی معلوم یہ کرنا ہے کہ پابندی کب تک رہے گی اوراس دوران خروج وعودہ کا کیا ہوگا؟
جواب سعودی عرب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے حکومتی سطح پر احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے بین الاقوامی پروازوں پریک طرفہ عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کا نفاذ بدھ 3 فروری 2021 کی شب 9 بجے سے کیا گیا ہے تاہم اس بارے میں حکام کی جانب سے تاحال پابندی کے اختتام کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یک طرفہ پروازوں پر پابندی کے بعد سے فلائٹوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ تارکین جو چھٹی پر وطن گئے ہوئے تھے ان کی واپسی وقت مقررہ پر نہیں ہو سکے گی۔
کورونا کی وبا کے آغاز کے وقت 21 مارچ 2020 سے احتیاطی اقدامات کے تحت سفرپابندیاں عائد کی تھیں۔ اس وقت بھی حکومت نےغیر ملکی کارکنوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا تھا۔
ماضی میں 2 بار حکومتی سطح پر خود کارطریقہ سے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی گئی تھی۔
موجودہ پابندی کے بعد تاحال اس بارے میں سرکاری سطح پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ پابندی کا نفاذ کب تک رہے گا تاہم اب تک کی معلومات کے مطابق17 مئی تاریخ دی گئی ہے جس کے بعد تمام پروازوں کی بحالی کے بارے میں کہا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں جیسے ہی متعلقہ ادارے کورونا کے حوالے سے رپورٹ جاری کریں گے پابندی کے خامتے کے حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
جہاں تک آپ کی واپسی کے حوالے سے سوال ہے تو اس بارے میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ جب تک آپ کا خروج وعودہ باقی ہے اور اگر سفری پابندی کے حوالے سے کوئی حتمی اطلاع نہیں ملے تو آپ اپنے کفیل یا کمپنی کے ذریعے اس کی مدت میں توسیع کراسکتے ہیں۔
اقبال نوید نے سوال کیا ہے 3 سال قبل حج فنگر ریکارڈ ہوا تھا۔ اب قانونی طور پر پاکستان کس طرح جا سکتا ہوں؟
جواب ۔ وزارت حج کی جانب سے حج آپریشن کو منظم کرنےاورغیر معمولی ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلیے کافی عرصہ قبل ’حج پرمٹ‘ کی سکیم شروع کی گئی تھی جس پر ہربرس عمل کیا جاتا ہے۔
حج پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 برس کے لیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے۔
اگر حج خلاف ورزی ریکارڈ ہو جائے تو سسٹم اقامہ کی تجدید کو سیز کردیتا ہے جس کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب کو ملک بدر کردیاجاتا ہے۔
آپ خروج نہائی جانا چاہتے ہیں تو اس کےلیے کفیل سے کہہ کر فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہوجائیں اگر خلاف ورزی درج ہوگی تو سسٹم میں ظاہر ہو جائے گی۔
احمد عبداللہ کا سوال ہے انڈیا کے لیے ویزے لگنے کا کب آغاز ہو گا ؟
جواب ۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے بین الاقوامی سفر پر یک طرفہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حالات بہتر ہوتے ہی تمام سفری پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔
انڈیا سے ویزہ لگنے کے حوالے سے جہاں تک آپ کا سوال ہے تو بیشترممالک جہاں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے وہاں سے لوگوں کی آمد ورفت محدود کی گئی ہے۔