Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئر پورٹ پر بدھ کی رات آخری پرواز، سفری پابندی کا نفاذ

غیرمعینہ مدت تک بیس ممالک پر پابندی لاگو رہے گی۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں پاکستان سمیت بیس ممالک سے عارضی سفری پابندی بدھ رات نو بجے سے نافذ ہوگئی۔
بدھ کی رات آخری پرواز جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی ہے۔ پابندی کے اعلان سے لے کر بدھ کی رات نو بجے تک سعودی عرب کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ممنوعہ ممالک سے پروازیں آتی رہیں۔
آئندہ غیرمعینہ مدت تک بیس ممالک سے سعودی عرب آنے پر پابندی لاگو رہے گی۔ 
العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق فضائی کمپنیوں کے عہدیداروں نے بتایا کہ ’انہیں تحریری طور پر اطلاع  دی گئی ہے کہ بدھ رات نو بجے سے بیس ممالک سے کسی بھی مسافر کو سعودی عرب لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس پابندی سے سعودی شہری، سفارت کار، صحت کارکن اور ان کے اہل و عیال متثنیٰ ہوں گے۔‘ 
کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی گئی نئی سفری پابندی کے نفاذ کے بعد سعودی عرب کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سخت حفاظتی اقدامات کردیے گئے۔
سکیورٹی فورس، پولیس اور ایئرپورٹ افسران پر مشتمل کمیٹی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرا رہی ہے۔ درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔  
یاد رہے کہ سعودی عرب نے بیس ممالک سے مسافروں کی آمد پر غیرمعینہ مدت کے لیے پابندی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے سعودی شہریوں، سفارت کاروں، صحت کارکنان اور ان کے اہل وعیال کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔
ان بیس ممالک میں پاکستان، انڈیا، امارات، امریکہ، فرانس اور جاپان وغیرہ شامل ہیں-

بیس ممالک میں پاکستان، انڈیا، امارات، امریکہ، فرانس، جاپان اور دیگر شامل ہیں (فوٹو: اخبار24)

یہ پابندی ان ممالک کے مسافروں پر بھی لاگو ہوگی جو مملکت آنے سے 14 روز کے اندر ممنوعہ ممالک میں سے کسی ایک ملک میں گئے ہوں یا وہاں سے گزرے ہوں گے۔
اس سے قبل سعوی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے  پیش نظر ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کے حوالے سے مکمل سفری پابندیوں کے خاتمے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے‘۔
’اب 31 مارچ کے بجائے 17 مئی 2021 سے سفری پابندیاں ختم کی جائیں گی‘۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی شہریوں کے مملکت سے جانے اور واپس آنے اور ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کا شیڈول  تبدیل کردیا گیا ہے‘۔
’اب سفری پابندیاں پیر 17 مئی 2021 سے مکمل ختم کی جائیں گی جبکہ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 31 مارچ 2021 سے سفری پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔‘  

شیئر: