ایپ میں ہونے والی خرابی بے پناہ لوڈ کی وجہ سے ہوئی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی محکمہ برائے اعداد وشمار اورمصنوعی ذہانت ’سدایا‘ کے ترجمان ماجد الشھری نے کہا ہے کہ ’توکلنا‘ ایپ پر گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 200 ملین سے زائد رجسٹریشن کی کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں۔
توکلنا ایپ پر ہونے والے غیر معمولی ’لوڈ‘ کے باعث وقتی طور پر پیش آنے والی مشکلات کو جلد مستقل بنیاد پرحل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کورونا وائرس سے بچاو اور معلومات کے لیے توکلنا ایپ کی رجسٹریشن لازمی قرار دیئے جانے کے بعد ایپ پریک دم رجسٹریشن کرانے والوں کا پریشر بڑھنے سے ایپ عارضی طور پر معطل ہو گئی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نجی ٹی وی ’العربیہ ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ’سدایا‘ کے ترجمان ماجد الشھری نے مزید کہا کہ ’ توکلنا ایپ پرہونے والے لوڈ کی وجہ سے فنی خرابی کو جلد ہی مستقل بنیاد پر دور کردیاجائے گا، ایپ پر ایک دم ہونے والے بے پناہ رش کی وجہ سے یہ صورتحال پیش آئی تاہم فنی ماہرین اس مشکل کو دورکرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں‘۔
ترجمان الشھری نے مزید کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ابشر اور توکلنا کے رجسٹر صارفین کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی متبادل کے طورپرجاری کی گئی ہے جس کے ذریعے لوگوں کی مشکلات وقتی طور پر حل ہو جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنی ماہرین اس حوالے سے مسلسل کام کررہے ہیں ۔ صارفین توکلنا ایپ کی سوشل میڈیا سائٹ پر تازہ ترین معلومات حاصل کرسکتے ہیں ، جاری کیے جانے والی ایس ایم ایس سروس رجسٹرصارفین کے لیے ہے جو کورونا وائرس میں مبتلا نہیں ، ایس ایم ایس کو غیرقانونی طورپراستعمال کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب قرار پائیں گے ۔
واضح رہے سعودی عرب کے متعدد شہروں میں کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے موبائل فونز پر’توکلنا‘ ایپ انسٹال کریں جس کے ذریعے صارف کی صحت کے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ اس سے یہ معلوم ہو سکے کہ اکاونٹ ہولڈر کورونا وائرس میں مبتلا نہیں۔
توکلنا ایپ پر صارف کی صحت کے بارے میں تفصیلات درج کرنے کے علاوہ مختلف رنگ کے ذریعے بھی انکی صحت کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ جس شخص کو کورونا نہیں اس کی ایپ کا رنگ سبز ہوگا۔