شہزادہ فیصل بن سلمان نےآن لائن سیمینار سے خطاب کیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا ہے کہ’ کورونا وبا شروع ہوتے ہی عمرہ معطل کرنے کا سعودی فیصلہ کامیاب رہا۔ یہ وبا کے اثرات سے پیشگی حفاظت والا اقدام تھا‘۔
’وقت نے ثابت کردیا کہ اس فیصلے کی بدولت مسلمانان عالم کورونا وبا سے محفوظ ہوگئے‘۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان خیالات کا اظہار ’کورونا وبا کے دوران زائرین کے لیے سعودی عرب کی خدمات‘ کےعنوان سے ہونے والے آن لائن سیمینار میں کیا۔ سیمینار کا انتظام مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کیا ہے۔
گورنر مدینہ منورہ نے کہا کہ’ دنیا بھر میں وبا کی شدت ختم ہونے اور صحت حالات بہتر ہونے پر عمرہ و زیارت پر عائد پابندیاں نرم کی گئیں۔ زائرین جامع اور منظور شدہ صحت نظام کے مطابق عمرہ و زیارت کے لیے سعودی عرب دوبارہ آنے لگے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’سعودی عرب نے عالمی وبا شروع ہوتے ہی کئی پیشگی حفاظتی اقدامات کیے تھے مثلا لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا جس سے وبا کو پھیلنے سے روکنے اور اسے قابو کرنے میں مدد ملی‘۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے واضح کیا کہ ’اس فیصلے کی بدولت عوامی زندگی محدود ترین نقصانات کے ساتھ غیرمعمولی خطرات سے محفوظ ہوگئی۔ اسے کامیاب بنانے میں سرکاری و نجی اداروں اور مخیر تنظیموں نے مملکت کے تمام علاقوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا‘۔
سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ حج 1441ھ کا شاندار ہنگامی پروگرام دنیا بھر کی نظروں میں آگیا-
ڈاکٹر بنتن اتوارکو ’کورونا وبا کے دوران زائرین کے لیے سعودی عرب کی خدمات‘ کے عنوان سے ہونے والے آن لائن سیمینار سے خطاب کررہے تھے-
سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے آن لائن سیمینار سے خطاب میں کہا کہ وزارت نے 1441ھ کا حج منصوبہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے تیار کیا تھا۔ دنیا بھر کے لوگوں نے شاندار حج انتظامات کو سراہا ہے۔
وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی عرب نے کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی جانے والی سفری پابندیوں کے باعث پھنس جانے والے 6 لاکھ عمرہ زائرین کی میزبانی کی۔
انہوں نے بتایا کہ زائرین کے حوالے سے سعودی عرب نے جو کچھ کیا اور کررہا ہے پوری دنیا اس کی معترف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تاریخی توسیعی منصوبوں کو ہر طرف سے سراہا جارہا ہے۔ ان منصوبوں کی بدولت عمرہ و حج زائرین کو آرام و راحت مل رہا ہے۔