تین علاقوں میں منگل کو تیز ہواوں اور بارش کا امکان
صبح سویرے سعودی عرب کے وسطی علاقوں پردھند چھائی رہے گی۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ منگل 9 فروری کو سعودی عرب کے تین علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جازان، عسیر ریجنزاور نجران کے متعدد مقامات پر پہلے تیز ہوائیں چلیں گی اور پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رات کے دوران اور صبح سویرے سعودی عرب کے وسطی علاقوں پردھند چھائی رہے گی۔
موسمیات کے مرکز کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجنوں میں گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ یہاں سے غبار آلود ہوائیں مشرقی ریجن نیز ریاض کے جنوبی علاقوں کا رخ کریں گی۔
قومی مرکز کاکہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں ہواؤں کا رخ شمال مشرق سے مشرق کی جانب ہوگا۔ ہوا کی رفتار 16 سے 44 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ سمندر میں لہریں ڈھائی میٹرتک اونچی ہوں گی۔
خلیج عرب میں ہواؤں کا رخ شمال سے مغرب کی طرف ہوگا فی گھنٹہ رفتار 15 تا 38 کلو میٹر ہوگی۔ لہریں ڈیڑھ میٹر تک اونچی ہوں گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پیر کو نجران میں گرد آلود ہواؤں کے باعث حد نظر محدود ہوگئی تھی۔ نجران شہر کے علاوہ بدر الجنوب اور حبونا میں بارش کی بھی اطلاعات ہیں۔