Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعے کو مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

وادی البقار میں سیلاب آگیا ہے- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں  موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعے کو بھی مملکت کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کہیں کہیں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
 جمعرات کو بارش اور حد نظر کم ہونے کے باعث العلا، مدینہ منورہ روڈ اور تبوک ضبا روڈ کو احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
عاجل، سبق ویب  اور سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے جمعے کو سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ  بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، حائل، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی اور ژالہ باری بھی ہوگی۔ بعض مقامات پر موسلا دھار اور کہیں گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔

روڈ سیکیورٹی فورس مسافروں کی رہنمائی کررہی ہے- (فوٹو ایس پی اے)

موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بارش کا دائرہ باحہ اور عسیر تک پھیل جائے گا جبکہ قصیم، ریاض اور الشرقیہ میں بھی بارش ہوگی۔ تبوک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت میں جمعے کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 سینٹی گریڈ جازان، شرورۃ اور القنفذہ میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 7 سینٹی گریڈ طریف میں رہے گا۔
 دوسری جانب روڈ سیکیورٹی فورس نے موسلا دھار بارش سے حد نظر محدود ہوجانے پر العلا، مدینہ منورہ روڈ بند کردیا ہے ۔ روڈ سیکیورٹی فورس نے  مسافروں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ العلا سے مدینہ منورہ کا سفر کرنا چاہتے ہوں وہ العلا مدینہ منورہ روڈ کے بجائے خیبر مدینہ کا راستہ استعمال کرسکتے ہیں۔

بارش کی وجہ سے العلا مدینہ منورہ روڈ بند کردیا گیا- (فوٹو ایس پی اے)

تبوک محکمہ ٹریفک نے بارش اور خراب موسمی حالات کے باعث تبوک، ضبا روڈ بند کردیا۔  وادی البقار میں سیلاب کی اطلاع ہے جہاں سے گزرنا خطرے سے خالی نہیں۔
تبوک میونسپلٹی نے سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لیے افرادی اور مشینی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں جبکہ وادیوں کے دھارے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے انجینیئرز کی ٹیمیں مختلف مقامات پر مامور ہیں۔
تبوک کے سیلاب میں چار شہری گاڑی سمیت پھنس گئے تھے شہری دفاع کے اہلکاروں نے انہیں بچالیا۔

شرعان محفوظ قومی جنگل کی گھاٹی بھی بارش سے متاثر ہوئی- (فوٹو ایس پی اے)

العلا کمشنری میں موسلا دھار بارش سے سیلاب کی صورتحال ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرعان محفوظ قومی جنگل کی ایک گھاٹی میں بارش کا پانی سیلاب کی شکل اختیار کیے ہوئے ہے۔
الجوف میں بارش کے بعد  میئر عاطف الشرعان نے  متاثرہ مقامات کا دورہ کیا ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: