Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت کئی علاقوں میں جمعے کو بارش

جدہ سمیت مملکت کے مختلف شہروں میں جمعے کو بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
جمعے کی صبح سے ہی مکہ مکرمہ ریجن کے شہر جدہ ، مکہ ، طائف، میسان اور اضم کمشنری میں بادل چھائے رہے۔
بادلوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ جدہ شہر میں موسم کافی خوشگوار ہونے کے باعث بیشتر لوگ ساحل پر پہنچ گئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک سردی میں اضافے کا امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

دوسری جانب ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مدینہ منورہ ریجن میں بھی موسم ابرآلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پرتیز اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
مدینہ منورہ کی کمشنری بدر، وادی الفرع اور ینبع میں شام 7 بجے تک موسم غیر یقینی رہے گا کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کا قوی امکان ہے۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت میں شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوگا۔
ماہرموسمیات الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے شمالی اور مغربی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی ریکاڈ کی جائے گی جبکہ پہاڑی علاقے بھی سردی کی لپیٹ میں رہیں گے ۔
دریں اثنا محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں خاص کرنشیبی علاقوں سے گزرنے والوں کو چاہئے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دیں اور برساتی پانی کی گزرگاہوں میں قیام کرنے سے اجتناب برتیں۔

نشیبی علاقوں میں سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں(فوٹو، واس)

شاہراہوں پرسفر سے قبل گاڑی کے وائپرز چیک کریں کیونکہ بارش کے دوران وائپرخراب ہونے سے ڈرائیونگ میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شیئر: