Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں موبائل شاپ میں لوٹ مار کی وڈیو وائرل

حملہ آور دو لاکھ  ریال مالیت کے موبائل اور نقدی چھین کر لے گئے۔ (فوٹو مزمز)
سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض کے محلے لبن میں موبائل شاپ کو اسلحہ دکھا کر لوٹ لیا گیا۔ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق  ٹوئٹر پر وائرل وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ’ دو نوجوان موبائل سینٹر میں موجود ہیں- ان میں سے ایک کے ہاتھ میں بغدہ ہے اور دوسرے کے پاس پستول ہے‘۔
وڈیو میں موبائل سینٹر کا ایک کارکن  بھاگتا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ ایک مسلح شخص اس کا پیچھا کررہا ہے۔ اسی دوران ایک منظر یہ بھی سامنے آتا ہے کہ  ایک ملزم کیش کاؤنٹر سے رقم نکالنے کے آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک شخص موبائل اور رقم جمع کر رہا ہے۔
وڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ’ موبائل شاپ کا ایک کارکن درد سے کراہ رہا ہے ایسا لگتا ہے کہ ملزمان نے اس پر حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہوا ہے‘۔ 
اخبار 24 سے  گفتگو کرتے ہوئے موبائل سینٹر کے مالک کے بھائی سعود نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کو صبح کے وقت پیش آیا۔ سینٹر کا مالک حملے میں زخمی ہوا ہے تاہم  اب اس کی حالت قدرے بہتر ہے۔
موبائل شاپ پر حملہ آور دو لاکھ  ریال مالیت کے موبائل اور نقدی چھین کر لے گئے ہیں۔ 
یاد رہے کہ لوٹ مار کے واقعہ کی وڈیو  ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گئی ہے۔
صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار وڈیو کے ذریعے حملہ آوروں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کریں۔

شیئر: