جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست، ٹی 20 سیریز پاکستان کے نام
جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست، ٹی 20 سیریز پاکستان کے نام
اتوار 14 فروری 2021 15:00
پہلا میچ پاکستان اور دوسرا جنوبی افریقہ جیتا تھا: فوٹو اے ایف پی
قذافی سٹیڈیم لاہور میں تینوں میچوں کی ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 165 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 18.4 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور 51 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 51 رنز پر حید علی کی گری جنھیں شمسی نے 15 رنز پر بولڈ کر دیا۔ شمسی نے ہی محمد رضوان کو 42 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ حسین طلعت بھی پانچ رنز بنا کر شمسی کا نشانہ بنے۔
بابر اعظم 44 رنز، فہیم اشرف 10 اور آصف علی صرف سات رنز بنا سکے۔ حسن علی اور محمد نواز ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے جس میں ڈیوڈ ملر85 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈریکس اور ملن نے اننگز کا آغاز کیا۔
آؤٹ ہونے والے بلے باز ریزا ہینڈریکس تھے جنھیں محمد نواز نے بولڈ کیا۔ محمد نواز کی گیند پر جے جے سمٹس باؤنڈری لگانے کی کوشش میں ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حسن علی کے اوور میں پائٹ وین بلجو نے لگاتار تین چوکے لگائے لیکن اوور کی آخری گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس سے اگلے ہی اوور میں پہلا ٹی 20 میچ کھیلنے والے زاہد محمود نے ہینرک کلاسن کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
زاہد محمود نے اگلی ہی گیند پر اوپنر ملن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس سے اگلے اوور میں سپنر عثمان قادر نے فیلوکواو کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
آؤٹ ہونے کی 7ویں کھلاڑی پریٹوریئس تھے جو زاہد محمود کا تیسرا شکار بنے۔
پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ خوشدل شاہ، افتخار احمد اور حارث رؤف کی جگہ ٹیم میں آصف علی، حسن علی اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم نے 3 رنز سے اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کی۔
پہلے دونوں ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔
پاکستان کی ٹیم میں شامل حیدر علی، حسین طلعت، خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی جانب سے دونوں میچز میں اب تک مایوس کن کارکردگی دکھائی گئی ہے جس کے بعد سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں تیز گیند باز ڈیوائن پریٹوریس نے جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹی 20 میچ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 17 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کر کے مہمان ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 18 ٹی 20 میچز کھیلے گئے جس میں جنوبی افریقہ کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔
9 میچز جنوبی افریقہ اور 8 میچز پاکستان نے اپنے نام کیے جبکہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوا۔
مجموعی طور پر پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 7 ٹی 20 سیریز کھیلی گئیں جس میں جنوبی افریقہ چار اور دو پاکستان کے نام رہی، جبکہ ایک سیریز ایک ایک سے برابر رہی ہے۔