Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رضوان آپ نے محنت سے ثابت کیا ہے کہ آپ بہترین وکٹ کیپر اور بلے باز ہیں‘

سرفراز احمد کے ردعمل کے بعد دیگر کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کمنٹس کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کی گہما گہمی عروج پر ہے، کوئی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے ہے تیار تو کوئی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ہے پرجوش۔ ملک بھر میں پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے جشن کا ساماں ہے وہیں دوسری جانب پی ایس ایل میں مدمقابل ٹیموں کے کھلاڑی بھی مخالف ٹیم پر پریشر برقرار رکھنے کے لیے فل فارم میں نظر آرہے ہیں۔
اس بات کا اندازہ سماجی رابطے پر سرفراز احمد اور محمد رضوان کی دلچسپ گفتگو سے لگایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے سینیئر بلے باز محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محمد رضوان کو ٹی20 میچ میں سنچری سکور کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’رضوان آپ نے محنت سے یہ ثابت کیا ہے کہ آپ بہترین وکٹ کیپر اور بلے باز ہیں۔‘
اس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے سرفراز احمد نے محمد حفیظ کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’حفیظ بھائی صاحب امتیاز احمد، وسیم باری ، تسلیم عارف، معین خان اور اب  محمد رضوان تک جو بھی قومی ٹیم کے لیے کھیلتا رہا ہے وہ سب ہی ہمیشہ نمبر ون رہیں گے اور ان سب کی عزت کی جائے گی۔‘
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے لکھا کہ ’ہم سب محمد رضوان کے ساتھ ہیں، اور امید بھی کرتے ہیں کہ وہ آگے بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے ایسے ہی کھیلیں گے۔‘
سرفراز احمد کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل کے بعد اس پوسٹ پر دیگر کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کمنٹس کا نہ رکنے والا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین اندازہ لگا رہے ہیں کہ شاید سرفراز احمد کو محمد رضوان کی تعریف ناگوار گزری ہے۔
اس حوالے سے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے مزاحیہ انداز میں سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بابو اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ بھی بہت اچھے وکٹ کیپر ہیں اور آپ کی کپتانی میں ہی ٹیم دو سال ٹی20 میں نمبر ون پر بھی رہ چکی ہے، اور مزے کی بات ہے لوگوں کا کام ہے بس بولنا اس لیے میرے بھائی انجوائے کرو۔‘
جہاں یہ بحث جاری ہے وہیں محمد حفیظ کی جانب سے ایک اور ٹویٹ بھی زیر بحث ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ’چھوٹی ذہنیت عیاں ہو گئی‘ سوشل میڈیا صارفین اس ٹویٹ کو سرفراز احمد کی ٹویٹ اور محمد عامر کی بحث سے جوڑ رہے ہیں جبکہ اکثر صارفین محمد حفیظ کے ٹویٹ سے اتفاق رائے بھی کرتے نظر آئے ہیں۔

 

شیئر:

متعلقہ خبریں