ابشر پورٹل مقیم سروس سے مختلف کیسے اور اس سے غیر ملکیوں کو کیا فائدہ؟
ابشر پورٹل مقیم سروس سے مختلف کیسے اور اس سے غیر ملکیوں کو کیا فائدہ؟
منگل 16 فروری 2021 0:30
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
ابشر پورٹل میں دو آپشن رکھے گئے ہیں جن میں ایک افراد جبکہ دوسرا حصہ کمپنی یا اداروں سے متعلق ہے: فائل فوٹو سبق
سعودی عرب وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی سے جہاں شہریوں کو سہولت ملی وہاں کمپنیاں بھی اس سسٹم سے مستفیض ہو رہی ہیں۔
وہ سرکاری امور جن کی انجام دہی میں بعض اوقات کئی دن لگ جاتے تھے اب محض منٹوں میں مکمل ہو جاتے ہیں۔
جیسے ویزوں کا اجرا، کارکنوں کے اقامہ کی تجدید، خروج وعودہ اور خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ کا اجرا اور دیگر بہت سے امور جو ابشر اور مقیم پورٹل سے باسانی مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
ابشر پورٹل
وزارت داخلہ نے مملکت میں سرکاری اداروں کے معاملات کو انجام دینے کے لیے ابشرپورٹل کی سہولت فراہم کی ہوئی ہے۔
اس کے ذریعے محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘، ادارہ الاحوال المدنیہ (سول افیئرز) پولیس، ٹریفک پولیس ’مرور‘ بلدیہ، اور دیگرسرکاری اداروں سے متعلق معاملات نمٹائے جا سکتے ہیں۔
ابشر پورٹل میں دو آپشن رکھے گئے ہیں جن میں ایک افراد جبکہ دوسرا حصہ کمپنی یا اداروں سے متعلق ہے۔
افرادی پورٹل میں غیر ملکیوں کے اکاؤنٹ بنائے جاتے ہیں جس کے ذریعے تمام غیر ملکی اپنے اور اہل خانہ کے معاملات مکمل کر سکتے ہیں۔
ابشرکے ذریعے گاڑی خریدنے پر اس کی ملکیتی دستاویز اپنے نام ٹرانسفرکرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ حال ہی میں ابشرافراد کے ذریعے نئی حاصل کی جانے والی موبائل سم میں اس سے منسلک کردی گئی ہے۔
نئی موبائل سم جاری کرانے کے لیے ابشر میں اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے جس کے بغیر نئی موبائل سم جاری نہیں کرائی جا سکتی۔
موبائل سم جاری کرانے کے لیے موبائل سم کمپنی کے نمائندے کی جانب سے ابشر اکاؤنٹ طلب کیا جاتا ہے جس کے ذریعے سم رجسٹر کرائی جاتی ہے۔
ابشر بزنس
ابشر اکاؤنٹ کا دوسرا شعبہ کاروباری اداروں سے متعلق ہے جس کے ذریعے چھوٹے کاروباری اداروں کے معاملات کو مکمل کیا جاتا ہے۔
ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد سو سے کم ہو اس کے لیے ’ابشر بزنس‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ ان اداروں کے کارکنوں کے سرکاری معاملات بہتر طور پر مکمل کیے جا سکیں۔
ابشر بزنس کے ذریعے کارکنوں کے اقاموں کا اجرا، تجدید اور خروج وعودہ کے علاوہ ادارے کے دیگر امور انجام دیے جاتے ہیں۔
مقیم سروس
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی جانے والی دوسری سروس جسے ’مقیم ‘ کہا جاتا ہے یہ ان تجارتی اداروں کے لیے مخصوص ہے جہاں کام کرنے والوں کی تعداد سو سے زائد ہے۔
مقیم سروس کے ذریعے غیر ملکی کارکنوں کے اقاموں کا اجرا، تجدید ، خروج وعودہ اور خروج نہائی کی سہولت حاصل کی جاتی ہے جبکہ ادارے کے دیگر امور بھی مقیم سروس کے ذریعے مکمل کیے جاتے ہیں۔
مذکورہ بالا ڈیجیٹل خدمات سے قبل تمام اداروں کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں ایک یا اس سے زائد اہلکار متعین کیے جاتے تھے جن کا کام سرکاری اداروں سے رابطہ کرنا اور اپنے ادارے کے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید، خروج وعودہ یا خروج نہائی جاری کرانا ہوتا تھا۔
مگر جب سے مذکورہ ڈیجیٹل پورٹل کی سہولت فراہم کی گئی ہے بیشتر اداروں میں ایچ آر کے شعبے میں موجود اہلکار ہی اب تمام ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں جس سے وقت کی بھی بچت ہوتی ہے اور کارکنوں کو بھی سہولت ملی۔