Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے اربیل ایئر پورٹ پر حملے کی مذمت

جی سی سی ممالک نے بھی عراق سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب نے عراق میں اربیل ایئر پورٹ پر حملے کی مذمت اورعراق میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو مسترد کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے منگل کو بیان میں عراق کے اربیل ایئرپورٹ پر دہشت گردانہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ حملے عراق اور خطے کے امن و استحکام  کو خطرات لاحق کر رہے ہیں۔
ان سے فضائی سفر مخدوش ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد سے متعلق عالمی اتحاد کا مشن سبوتاژ ہو جائے گا۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے عراق میں بدامنی پھیلانے، اس کے اتحاد کو نقصان پہنچانے اور سرحدوں کی سلامتی کو خطرات لاحق کرنے والی کوششوں کو سختی سے مسترد کر دیا۔ 
سعودی دفتر خارجہ نے کہا کہ عراق دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات کرے گا سعودی عرب پوری قوت سے اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ 
وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں عراق کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور اس کی خودمختاری پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دریں اثنا جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نایف الحجرف نے اربیل شہر پر جو عراق کے شمال میں واقع ہے، دہشت گردانہ میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔

 امارات نے بھی شمالی عراق میں اربیل ایئر پورٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔(فائل فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف عراق سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے بھی شمالی عراق میں اربیل ایئر پورٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امارات سلامتی اور استحکام کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ہر طرح کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے۔

شیئر: