انگلینڈ کی 227 رنز سے فتح: ’انڈیا کو انڈیا میں ہرانا ناقابل یقین‘
اجنکیا راہانے بغیر کوئی کھاتا کھولے اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: ٹوئٹر ای سی بی)
انگلینڈ نے انڈیا کو چنئی ٹیسٹ میچ میں 227 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔
منگل کو سیریز کے پہلے میچ کے پانچویں دن انڈیا نے 419 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رن سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پجارا 15 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شبمن گل 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہیں اینڈرسن نے بولڈ کیا۔
اس کے بعد اجنکیا راہانے بھی بغیر کوئی کھاتا کھولے اینڈرسن ہی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
پہلی اننگز میں 91 رنز کی دھویں دار باری کھیلنے والے رشبھ پنٹ دوسری اننگز میں کچھ خاص نہ کر سکے اور 11 رنز بنا کر پولین واپس لوٹ گئے۔
جبکہ پہلی اننگز میں 85 ناٹ آؤٹ بنانے والے واشنگٹن سندر کو بھی کھاتا کھولے بغیر واپس جانا پڑا۔
اس کے بعد لیچ نے ایشون کو نو سکور پر آوٹ کیا۔
انڈین ٹیم کا کچھ بھرم رکھنے والے کپتان ویراٹ کوہلی 72 رنز بنا کر بین سٹوکس کی گینڈ پر بولڈ ہوئے۔ شہباز ندیم صفر پر جیک لیچ کا شکار بنے جبکہ بمرا کو آرچر نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ نے اپنی پہلے اننگز میں کپتان جو روٹ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت 578 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈین ٹیم 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ یوں انگلینڈ کو 241 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
لیکن دوسری اننگز میں بھارتی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ ٹیم صرف 178 رنز بنا پائی۔
انگلش کپتان جو روٹ کو اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ میں یادگار اننگز کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
انگلینڈ ٹیم کو چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دوسری جانب انڈیا کی شکست کے بعد انڈیا بمقابلہ انگلینڈ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
انگلینڈ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’انڈیا کو انڈیا میں ہرانا ناقابل یقین کارکردگی ہے----227 رنز کی فتح---- یہ ٹیم اس سال کسی خاص چیز پر گامزن ہے۔‘
انگلش ٹیم کی اس شاندار پرفامنس پر پاکستان کے سابق سپیڈ سٹار شیعب اختر بھی چپ نہ رہ سکے اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انگلینڈ کی بھارتی زمین پر بڑی فتح ہے۔ یہاں سے ایک مضبوط واپسی کی ضرورت ہے۔ کوہلی اور تھنک ٹینک کو انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔‘
اوور تھنکر لائر نام کے ایک صارف نے جمی اینڈرسن کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’جمی اینڈرسن ٹو انڈیا، کیسا دیا، اب مزا آیا۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے جہاں انگلینڈ ٹیم کی پرفامنس کو سراہا وہی سدہانت پردہان نامی انڈین صارف نے انڈین ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’کوہلی اس ہار کے لیے بولرز سمیت کسی کو بھی ذمہ دار قرار دے سکتے ہیں لیکن پہلی اننگز میں بینٹنگ کارکردگی واقعی بہت بری رہی۔ گل، ریہانے اور پنت بڑے سکور کے تعاقب میں اپنی وکٹیں گنوانے کے ذمہ دار ہیں۔‘