Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی سے متاثرہ امریکی ریاستوں کی مدد کے لیے تیار ہیں: وزیر توانائی

توانائی کی طلب بڑھ جانے پر بجلی مسائل پیدا ہورہے ہیں- (فوٹو: آئی ای ایف ٹوئٹر)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب بجلی کے انقطاع سے متاثرہ امریکی ریاستوں کی ہر ممکن مدد کے لیے پوری طرح سے تیار ہے- وہ اوپیک، توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی اور بین الاقوامی توانائی فورم  کے گیارہویں سیمینار کے دوران گفتگو کررہے تھے-
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ماضی کی طرح اب بھی ہر ممکن تعاون کے لیے مستعد ہے- انہوں نے تعاون کے جذبے کا اظہار ایسے ماحول میں کیا ہے جبکہ امریکہ کی  جنوبی ریاستوں میں سردی کا طوفان آیا ہوا ہے جس سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں-

متاثرہ ریاستوں کے باشندوں کے خیر خواہ ہیں- (فوٹو: عرب نیوز)

شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ ہمارے دل اور ہمارے ذہن امریکی ریاستوں کے ان افراد کے ساتھ ہیں جو آزمائش سے گزر رہے ہیں اور وہ سعودی شہری کی حیثیت سے امریکہ کی ان ریاستوں کے باشندوں کے ساتھ  دوستی اور شراکت  کی تاریخ پر بے شمار صفحات قلمبند کرسکتے ہیں-
سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ وہ ٹیکساس ، اوکلاہوما، لوزیانا اور کیلیفورنیا کے باشندوں کے خیر خواہ ہیں اور وہ انہیں اپنا دوست اور فیملی کاحصہ سمجھتے ہیں-
یاد رہے کہ ٹیکساس سمیت امریکہ کی کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر بجلی منقطع ہے- توانائی نیٹ ورک  کی طلب بڑھ جانے کی وجہ سے وہاں بجلی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: