Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نکالو رقم‘ ۔۔۔ رپورٹر کو براہِ راست نشریات کے دوران پستول دکھا کر لُوٹ لیا گیا

ریوالور تانے رہزن مائیک پر جھپٹا اور چیخ کر کہا کہ ’بٹوے اور موبائل اس کے حوالے کر دیے جائیں‘ (فوٹو: انسپلیش)
ایکواڈور میں ٹی وی رپورٹر براہ راست نشریات کے دوران مسلح شخص کے ہاتھوں رہزنی کا شکار ہو گیا اور یہ تمام منظر کیمرے نے محفوظ کر لیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جس کے ہاتھ میں پستول ہے وہ مائیک پکڑے رپورٹر اور کیمرہ مین کو چیخ کر کہہ رہا ہے کہ ’ان کے پاس جو پیسے ہیں وہ اس کے حوالے کر دیں۔‘
سکائی نیوز کے مطابق ’ایکواڈور سے تعلق رکھنے والے سپورٹس جرنلسٹ ڈائیگو آرڈینولا آؤٹ ڈور براہ راست اپنے چینل کو گوایاکل شہر میں ہونے والی ایک تقریب کے حوالے سے رپورٹ دے رہے تھے کہ اچانک زہزن نمودار ہوا، اس نے پی کیپ اور کورونا سے بچاؤ کا ماسک پہن رکھا تھا اور اس کے ریوالور کا رخ آرڈینولا کے چہرے کی طرف تھا۔‘
مسلح شخص ’ٹیلی فون‘ کا لفظ زور سے پکارتے ہوئے رپورٹر کی طرف بڑھا اور اس کے مائیک پر زور سے ہاتھ مارا۔
اس کے بعد اس نے ریوالور کا رخ کیمرہ مین اور دوسرے کریو ممبرز کی طرف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اپنے بٹوے اور موبائل فونز اس کے حوالے کر دیں۔‘
یہ واردات اس وقت ہوئی جب رپورٹر اپنی رپورٹ ختم کر رہا تھا، بعد ازاں رپورٹر نے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر دی۔
انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’حتیٰ کہ ہم آرام سے کام بھی نہیں کر سکتے، یہ آج ایک بجے ہوا، مونومنٹل سٹیڈیم کے باہر۔‘
نیوز ویک کے مطابق ’رہزن ان کو لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔‘
انسٹاگرام کے بعد یہ فوٹیج ٹوئٹر پر شیئر ہوتی رہی اور اس کو ٹوئٹر پر تین لاکھ 80 ہزار بار دیکھا گیا۔
فوٹیج پر مختلف صارفین کی جانب سے کمنٹس کیے جاتے رہے جس میں رپورٹر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور واردات کی مذمت کی گئی۔

شیئر: