کانپور۔۔۔۔ شہر میں رہزنی کی عجیب و غریب واردات سامنے آئی ۔ گورکھپور سے کار ریزروکرکے آنیوالی لٹیری عورت نے اپنی ساتھیوں کے ساتھ مل کر کار ڈرائیور کو لوٹ لیا۔ جب اس نے احتجاج کیا تو جان سے مارنے کی دھمکی د یتے ہوئے چلتی ہوئی کار سے نیچے پھینک دیا اور کار لیکر فرار ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق گورکھپور کے سہجنوا گاؤں کا رہنے والا بلونت کمارایک کنبے کو لیکر کانپور آرہا تھا۔جب کار کانپور کے گھاٹم پور علاقے میں پہنچی تو کار میں سوار 2عورتوں اور ان کے ساتھ پچھلی سیٹ پر بیٹھے 2نوجوانوں نے ڈرائیور کا گلا دبادیا ۔ ڈرائیور نے مزاحمت کی تو اسے زدوکوب کرنا شروع کردیااور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ڈرائیور کو نیم مردہ حالت میں کار سے نیچے پھینک دیا ۔ صبح کو علاقے کے لوگوں نے ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں دیکھ کر پولیس کواطلاع دی ۔ پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معاملے کی چھان بین شروع کردی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ جیب میں رکھی نقدی، موبائل اور لگژری کار لیکر چاروں فرار ہوگئے۔ پولیس نے زخمی ڈرائیور کو اسپتال میں داخل کرادیا اورلٹیری عورتوں کے گروپ کی تلاش شروع کردی ہے۔