جدہ سمیت کئی شہروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں
جدہ میونسپلٹی نے مزید 171 تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آبادکاری امور نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر 288 تجارتی اور غذائی ادارے سیل کیے ہیں۔
عاجل ویب اوراخبار 24 کے مطابق وزارت نے بیان میں بتایا کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں جدہ میں ریکارڈ کی گئیں جہاں 171 ادارے سیل کیے گئے جبکہ ریاض میں 29، عسیر میں 26 اور مشرقی ریجن میں 15 تجارتی و غذائی ادارے بند کیے گئے ہیں۔
وزارت بلدیات کا کہنا تھا کہ میونسپلٹیوں اور بلدیاتی کونسلوں نے حفظان صحت کے ضوابط پر عمل درآمد کے لیے 16400 چھاپے مارے تھے۔- اس دوران 826 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ متعدد اداروں کو انتباہی نوٹس جاری کئے گئے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بیان میں کہا کہ 11سے 17 فروری تک 26697 چھاپوں کے دوران 1397 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ادھر جدہ میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں نے 4167 چھاپے مار کر 171 تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ تفتیشی ٹیموں نے 19 ثانوی بلدیاتی کونسلوں اور 15 بڑی بلدیاتی کونسلوں میں چھاپے مار کر 215 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز کی پابندی کا شعور بڑھ رہا ہے۔
میونسپلٹی نے لوگوں سے اپیل کہ کوئی بھی کہیں بھی کوئی خلاف ورزی نوٹ کریں تو 940 یا سمارٹ موبائل سے ایپلی کیشن کے ذریعے مطلع کیا جائے۔