اعصاب شکن مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ہرا دیا
اعصاب شکن مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ہرا دیا
بدھ 24 فروری 2021 16:16
شرجیل خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ 6 کی پہلی سینچری سکور کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا چھٹا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز سے پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
افتخار احمد اور حسین طلعت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 197 رنز کا ہدف پانچ گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ افتخار احمد 49 اور آصف علی 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے 196 رنز کے جواب میں اننگز کا آغاز کیا تو فل سالٹ پہلے اوور میں ہی عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شاداب خان کو بھی محمد عامر نے صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔
تاہم ایلکس ہیلز نے اس مرحلے پر اہنی ٹیم کا موارال گرنے نہ دیا اور عامر یامین کو ایک اوور میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگا دیا۔ یوں عامر یامین کو ایک اوور میں 29 رنز پڑے۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا اوور ہے۔
لیکن ایلکس ہیلز اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 46 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس سے اگلے اوور میں فہیم اشرف بھی 25 رنز بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد افتخار احمد اور حسین طلعت نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنے۔ حسین طلعت 42 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے آصف علی نے دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کی جیت کو آسان بنا دیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور وکٹ کے چاروں طرف شاندار سٹروکس کھیلے۔
شرجیل خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ 6 کی پہلی سینچری سکور کی۔ وہ 59 گیندوں پر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی سنچری میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔ جبکہ بابر اعظم 62 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
دونوں اوپنرز نے پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی شراکت داری بھی بنائی۔
کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اپنا پہلا میچ ملتان سلطانز سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچز میں سے تین اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتے اور دو میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی یہ ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ:
ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، شاداب خان (کپتان)، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگوری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم۔
کراچی کنگز:
بابر اعظم، شرجیل خان، عماد وسیم (کپتان)، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسٹین، عامر یامین، وقاص محمود، محمد عامر، ارشد اقبال۔
پی ایس ایل 6 کا پہلا مرحلہ سات مارچ تک کراچی میں جاری رہے گا، جبکہ اگلا مرحلہ 10 مارچ سے لاہور میں شروع ہو گا جہاں بقیہ میچز سمیت فائنل کا انعقاد بھی لاہور میں ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لاہور قلندرز چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور پھر کراچی کنگز کا نمبر ہے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخر میں ہے۔
خیال رہے کہ پشاور زلمی کو پی ایس ایل 6 میں اپنی پہلی فتح گذشتہ روز حاصل ہوئی۔ ملتان سلطانز کے ساتھ ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے ٹام کیڈمور اور حیدر علی کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت 194 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی پورا کر لیا تھا۔
ملتان سلطانز نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔ جیمز وینس نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔