پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
179 رنز کے تعاقب میں قلندرز نے اپنی اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ سہیل اختر اور فخر زمان کے درمیان 64 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد فخر زمان اور محمد حفیظ نے سکور کو آگے بڑھایا۔ جبکہ فخر زمان نے 31 گیندوں پر نصف سنچری بنائی ہے۔
مزید پڑھیں
-
پی ایس ایل افتتاحی تقریب: ’بڑی چائنہ والی فیلنگ آ رہی ہے‘Node ID: 542781
-
اسلام آباد یونائیٹڈ کا جیت کے ساتھ پی ایس ایل مہم کا آغازNode ID: 543001
محمد حفیظ نے بھی صرف 24 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے تیز رفتار نصف سنچری بنائی۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 115 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔
فخر زمان 82 اور محمد حفیظ 73 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف دس گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے واحد وکٹ لیگ سپنر زاہد محمود کو ملی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے۔ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ ٹام بینٹن چار رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کرس گیل اور سرفراز احمد نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 101 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ سرفراز احمد 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
جبکہ ویسٹ انڈیز کی سکس مشین کرس گیل نے دھویں دار بیٹنگ کی۔ وہ 68 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔
کوئٹہ کو پانچواں نقصان اعظم خان کا ہوا جو 13 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے حارث رؤف نے بین کٹنگ کو ایک عمدہ یارکر پر بولڈ کر دیا۔
تاہم محمد نواز نے عمدہ بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے شامل تھے۔ جبکہ انور علی ایک سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
قلندرز نے اپنے ڈیبیو میچ میں عمدہ بولنگ کرنے والے سلمان مرزا کی جگہ حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
سرفراز کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز نے گذشتہ روز اپنا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی سے جیتا تھا جبکہ کوئٹہ کو ایونٹ کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کی جانب سے آج کے میچ میں یہ کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:
سرفراز احمد(کپتان)، کرس گیل، ٹام بینٹن، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، انور علی، محمد حسنین، عثمان شنواری
لاہور قلندرز:
سہیل اختر (کپتان)، فخرزمان، محمد حفیظ، سلمان علی آغا، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف