Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان سلطانز کی تمام تدبیریں ناکام، پشاور زلمی چھ وکٹوں سے فتح یاب

ٹام کیڈمور نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ٹام کیڈمور اور حیدر علی کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے 194 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی پورا کر لیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا  تیز رفتار آغاز کیا لیکن کامران اکمل 37 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
اس کے بعد امام الحق اور ٹام کیڈمور نے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے 77 رنز کی شراکت داری بنائی۔
 
تاہم امام الحق اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 48 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ردرفورڈ 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہیں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہنواز دھانی نے آؤٹ کیا۔
شاہنواز دھانی نے اسی اوور میں ٹام کیڈمور کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

حیدر علی نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد حیدر علی نے اپنی ٹیم کو کامیاب کرایا۔ انہوں نے 8 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک بھی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے پہلے ملتان سلطانز نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لِن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن کرس لِن دوسرے اوور کی پہلی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہیں محمد عرفان نے آؤٹ کیا۔

امام الحق اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 48 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد محمد رضوان اور ون ڈاؤن آنے والے جیمز وینس نے بیٹنگ لائن کا مومینٹم گرنے نہیں دیا۔ دونوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد محمد رضوان 41 رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ 
صہیب مقصود نے بھی جارحانہ انداز برقرار رکھا اور جیمز وینس کے ساتھ 71 رنز کی شراکت داری بنائی۔ وہ 36 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
جبکہ جیمز وینس نے 39 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے 50 رنز مکمل کیے۔ وہ 84 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
جبکہ ریلی روسو 14 اور خوشدل شاہ چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔  
پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
منگل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جیمز وینس نے 39 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے 50 رنز مکمل کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں ٹیموں کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور دونوں اپنے ابتدائی میچز ہار چکی ہیں۔
ملتان سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی جبکہ پشاور زلمی کو لاہور قلندرز سے ہزیمت اٹھانی پڑی۔
آج کے اس اہم میچ میں دونوں ٹیموں کے سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

کرس لِن کو دوسرے اوور کی پہلی گیند پر محمد عرفان نے آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی:

کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کیڈمور، ردرفورڈ، وہاب ریاض (کپتان)، مجیب الرحمن، ثاقب محمود، محمد عمران، محمد عرفان.

ملتان سلطانز:

محمد رضوان (کپتان)، کرس لِن، جیمز وینس، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، عثمان قادر، سہیل تنویر، شاہ نواز دھانی.

محمد رضوان 41 رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان اب تک کھیلے گئے چھ میچوں میں سے ملتان چار میں فتحیاب رہا ہے۔ جبکہ دو میں پشاور نے کامیابی حاصل کی ہے۔
اب تک پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ اس نے گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے ہرایا تھا۔

شیئر: