لاہور سمیت سات اضلاع میں سکول متبادل دنوں میں ہی کھلیں گے
لاہور سمیت سات اضلاع میں سکول متبادل دنوں میں ہی کھلیں گے
جمعہ 26 فروری 2021 15:53
کورونا وائرس کے باعث سکولوں میں 100 فیصد طلباء کی حاضری کی اجازت نہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کے محکمہ تعلیم نے لاہور اور راولپنڈی سمیت سات اضلاع کے سکول متبادل دنوں میں ہی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ’28 جنوری کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت ان اضلاع میں جہاں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 20 سے زیادہ ہے، پانچ دن کلاسز بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور، گجرات، ملتان، رحیم یار خان، سیالکوٹ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے سکولوں میں 50 فیصد طلبا ہی سکول آئیں گے۔
کورونا وائرس کے باعث 100 فیصد طلباء کی حاضری کی اجازت نہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ یکم مارچ سے پاکستان کے تمام سکولوں میں معمول کے مطابق پانچ روزہ کلاسز کا آغاز ہوگا۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ’چند بڑے شہروں میں سکولوں پر وقفے کے ساتھ کلاسز کی پابندی 28 فروری تک تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ اعلان ان تمام تعلیمی داروں کے لیے ہے جن پر پابندی لگائی تھی۔ خدا کا شکر ہے کہ ہم معمول کی طرف واپس آ رہے ہیں۔‘
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سکولوں کو بند کرکے آن لائن کلاسوں کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
پاکستان میں چھ ماہ تک بند رہنے کے بعد سکولوں کو گذشتہ سال ستمبر میں کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم انہیں نومبر میں واپس بند کر دیا گیا تھا۔
جنوری میں کچھ سکول کھلنا شروع ہوئے تھے، تاہم کئی ایسے تھے جہاں معمول کے مطابق ہفتے میں پانچ دن کلاسز نہیں ہو رہی تھیں۔
کچھ روز قبل نئے تعلیمی سال سے متعلق وفاقی حکومت نے اگست میں اس کے آغاز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا جبکہ پرائیویٹ سکولوں کی اکثریت بضد ہے کہ وہ اپریل میں ہی نئے سیشن کا آغاز کر دیں گے۔