Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیرین ایئرلائن کا امارات کے لیے فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئرلائن کو بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت گزشتہ برس دسمبر میں دی تھی (فوٹو: سیرین ایئرلائن ٹوئٹر)
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئرلائن نے متحدہ عرب امارات کے لیے فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فضائی کمپنی کی انتظامیہ کے مطابق پاکستان سے شارجہ کے لیے پہلی پرواز 16 مارچ کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی۔ 
نجی فضائی کمپنی پاکستان میں مقامی پروازوں کے بعد پہلی بار بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے جاری ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئرلائن کو بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت گزشتہ برس دسمبر میں دے دی تھی تاہم مختلف ممالک میں فضائی سفر پر عائد پابندیوں کے باعث نجی کمپنی نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز نہیں کیا تھا۔ 
نجی فضائی کمپنی کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت گزشتہ برس دے دی گئی تھی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے چین اور برطانیہ کے لیے بھی فضائی آپریشن شروع کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ 

سیرین ایئرلائن نے2017 سے پاکستان میں مقامی فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا (فوٹو: سیرین ایئرلائن ٹوئٹر)

انتظامیہ کے مطابق ’سیرین ایئرلائن 16 مارچ کو اسلام آباد سے شارجہ کی پرواز کے ساتھ اپنے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ پاکستان سے شارجہ اور دبئی کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی تاہم مکمل شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘ 
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی فضائی کمپنی کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت دے رکھی ہے تاہم نجی ایئرلائن کی جانب سے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا جبکہ چین اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست تاحال زیر التوا ہے۔
سیرین ایئرلائن نے2017 سے پاکستان میں مقامی فضائی آپریشن کا آغاز کرنے والی نجی فضائی کمپنی کے فضائی بیڑے میں 4 بوئنگ 737 اور ایک ایئر بس اے 330 شامل ہیں۔ 
اس سے قبل نجی کمپنی پاکستان میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد اور پشاور کے درمیان سروس مہیا کرتی تھی۔ 

شیئر: