’سال کے آخر تک ایمریٹس کے تمام جہاز استعمال میں ہوں گے‘
’سال کے آخر تک ایمریٹس کے تمام جہاز استعمال میں ہوں گے‘
جمعرات 14 جنوری 2021 16:50
ایمریٹس کی فی الحال 120 مقامات تک فلائٹس جا رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئرلائن کے صدر نے ٹریول انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'رواں سال کے آخر تک ان کی ایئرلائن کے تمام جہاز استعمال میں ہوں گے۔'
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق ویکسین کی دستیابی کے بعد سفر کرنے کے لیے حالات سازگار ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے جس سے مختلف ایئرلائنز کا کاروبار بحال ہونے کی توقع ہے۔
اس سے پہلے بھی ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ 'کورونا وائرس کی ویکسین کی دستیابی کا ٹریول انڈسٹری کی بحالی میں اہم کردار ہوگا۔'
گذشتہ سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور سفری پابندیوں کے باعث ٹریول انڈسٹری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
ایمریٹس کے صدر 71 سالہ ٹم کلارک کے مطابق 'کورونا وائرس کی حالیہ لہر اور چند ممالک میں سفری پابندیوں سے ٹریول انڈسٹری کی بحالی مزید متاثر نہیں ہو گی۔'
انہوں نے کہا کہ 'عالمی وبا کے ختم ہونے کے بعد اور عالمی سطح پر ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع ہونے پر سفر کے حوالے سے صورت حال معمول پر آنا شروع ہوگی۔'
ٹم کلارک کے اندازے کے مطابق 'رواں سال کے وسط یا آخر تک عالمی معیشت کے ہر شعبے میں سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو جائیں گی۔'
کورونا سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث ایمریٹس اے 380 ایئر بس کے 115 جہازوں میں سے صرف 17 استعمال کر رہا ہے، جبکہ بوئنگ 777 کے 160 جہازوں میں سے صرف 137 زیر استعمال ہیں۔ اس ے علاوہ کچھ مسافر طیاروں کو ساز و سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
گذشتہ ہفتے ایمریٹس ایئرلائن 120 روٹس تک فضائی سہولت فراہم کر رہی تھی، جبکہ کورونا سے پہلے 157 روٹس تک ایمریٹس کی فلائٹس جاتی تھیں۔
ٹم کلارک نے مزید کہا کہ 'مارچ 2023 تک ایمرٹیس منافع کمانے کی پوزیشن میں ہو گی، تاہم موجودہ حالات کے مطابق ایئرلائن کو حکومت سے مالی معاونت کی ضرورت نہیں ہے۔'