Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی ورک پرمٹ رکھنے والے فلسطینیوں کی ویکسی نیشن

فلسطینیوں کو اب تک ویکسین کی 32 ہزار خوراکیں وصول ہوئی ہیں۔(فوٹو سی این این)
اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے یا یہودی بستیوں میں کام کرنے والے فلسطینیوں کوکورونا  ویکسین لگائی جائے گی۔ یہ بات اسرائیلی رابطہ دفتر کوگاٹ نے بتائی ہے۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق  کوگاٹ  نے واضح کیا ہے کہ کورونا کی  ویکسی نیشن مہم میں ایک لاکھ 30ہزار فلسطینیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
فلسطینی ورکرز یونین کے سیکریٹری جنرل شاہیرسعد نے کہا کہ اسرائیل کے صنعتی اور خدمت کے شعبوں میں کام کرنے والے ہزاروں فلسطینیوں کو پہلے ہی اسرائیل کے اندر ان کے آجروں کی جانب سے نجی طور پرویکسین دی جا چکی ہے۔

مغربی کنارے اورغزہ میں 52 لاکھ فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

سعد نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حکام کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت فلسطینی میڈیکل ٹیمیں کورونا ویکسین لگانے کے لئے مختلف چوکیوں پر تعینات رہیں گی۔
اسرائیل نے مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں سمیت اپنی 93لاکھ آبادی میں نصف سے زیادہ کو فائزر کی ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دے دی ہے۔
اس کے علاوہ  مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کو ویکسین کی فراہمی کے لئے زیادہ کام نہ کرنے پراسرائیل کو بین الاقوامی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ یہ وہ  تمام علاقے ہیں جن پر اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ جنگ میں قبضہ کرلیا تھا۔

فلسطینی میڈیکل ٹیمیں ویکسین لگانے کے لئے چوکیوں پر تعینات ہوں گی۔(فوٹو فنانشیل ٹائمز)

مغربی کنارے اور غزہ میں مقیم فلسطینیوں کو اب تک ویکسین کی 32 ہزار خوراکیں وصول ہوئی ہیں جب کہ وہاں پر 52 لاکھ فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔
اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اوسلو امن معاہدوں کے تحت فلسطینی وزارت صحت غزہ اور مغربی کنارے کے ان علاقوں میں لوگوں کو ویکسین لگانے کی ذمہ دار ہے جہاں اس کی محدود  پیمانے پر حکمرانی ہے۔
 

شیئر: