19 سے 42 دن کے درمیان دوسری خوراک لی جاسکتی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی سیکریٹری صحت ھانی جوخدار نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی دوسری خوراک پہلی خوراک کے اثرات برقرار رہنے کی حالت میں لی گئی تو ایسی صورت میں پہلی خوراک کی تاثیر برقرار رہے گی اور ویکسین لینے والے کو کسی طرح کی کوئی مشکل نہیں ہوگی‘۔
الیوم اخبار کے مطابق سیکریٹری صحت نے اس استفسار کا جواب دیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک مقررہ وقت پر نہ لینے کی صورت میں کیا نقصان ہوسکتا ہے۔
سیکریٹری صحت نے بتایا ’ جو لوگ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں انہیں دوسری خوراک ویکسین بنانے والی کمپنی کی سفارش کے عین مطابق موثر وقت میں دی جائے گی۔ 19 سے 42 دن کے درمیان دوسری خوراک لی جا سکتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ آئندہ تین ہفتے کے اندر کورونا ویکسین مطلوبہ مقدار میں سعودی عرب پہنچ جائے گی‘۔
خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت نے بیان میں کہا تھا کہ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ ویکسین مطلوبہ وقت پر سعودی عرب نہ پہنچنے کی وجہ سے پہلی خوراک کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔