پاکستان: برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے پروازوں پرعائد پابندی میں توسیع
سول ایوی ایشن کے مطابق اب یہ پابندیاں 14 مارچ تک برقرار رہیں گی۔ ( فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے برطانیہ، جنوبی افریقہ اور چند دوسرے ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں 14 مارچ تک توسیع کردی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے ان ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع کر دی ہے۔
خیال رہے پروازوں پر پابندی جنوری میں اس وقت عائد کردی گئی تھی جب دوسرے ممالک نے بھی جنوبی افریقہ اور برطانیہ سے پروازوں پر ایسی ہی پابندی لگائی تھی۔
بعد ازاں پاکستان نے ایسی پابندی پرتگال، نیدرلینڈ، تنزانیہ، کولمبیا، کوموروس، گھانا، کینیا، برازیل اور دیگر ممالک سے آنے والی پروازوں پر بھی عائد کر دی تھی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق اب یہ پابندیاں 14 مارچ تک برقرار رہیں گی۔
پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب ملک میں ایک دن میں 42 افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے جس کے ساتھ وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 938 ہوگئی۔ منگل کو ملک میں ایک ہزار 163 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔