Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جینز پہننے والی خواتین پر تنقید، صارفین نے کنگنا کو آئینہ دکھا دیا

کنگنا رناوت کے خیال میں آج کل کی کامیاب خواتین صرف امریکی مارکیٹ کی نمائندگنی کرتی ہیں۔ فوٹو فیس بک کنگنا رناوت آفیشل
متنازع بيانات کی وجہ سے شہرت رکھنے والی والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی ایک ٹویٹ نے ایک مرتبہ پھر صارفین کو تنقیدی تبصرے کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنی ٹویٹ میں اس مرتبہ ان تمام خواتین کو نشانہ بنایا ہے جو ویسے تو اپنے کیریئر میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں لیکن روایتی لباس پہننے کے بجائے مغربی لباس کو ترجیح دیتی ہیں۔
کوئین فلم کی اداکارہ کنگنا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سنہ 1885 کی ایک تصویر شیئر کی جس میں تین خواتین اپنے روایتی لباس میں ملبوس ہیں۔ یہ تینوں اپنے ملک کی پہلی لائسنس یافتہ خواتین ڈاکٹر ہیں۔
ان میں سے ایک انڈین خاتون ساڑھی میں ملبوس ہیں جبکہ دوسری جاپانی لباس میں ہیں اور تیسری خاتون کا تعلق مبینہ طور پر شام سے ہے۔
کنگنا رناوت نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’یہ خواتین نہ صرف اپنی انفرادیت کو ظاہر کر رہی ہیں بلکہ اپنی تہذیب، ثقافت اور قوموں کی بھی نمائندگی کر رہی ہیں۔‘
کنگنا نے مزید کہا کہ اگر آج کی کامیاب خواتین کی تصویر کھینچی جائے تو وہ پھٹی ہوئی امریکی جینز اور پرانے بلاؤز میں نظر آئیں گی، یہ خواتین امریکی مارکیٹ کے علاوہ کسی اور چیز کی نمائندگی نہیں کرتیں۔
کنگنا رناوت کی یہ ٹویٹ سامنے آنے کی دیر تھی کہ صارفین نے اداکارہ کی وہ تمام تصویریں پوسٹ کرنا شروع کر دیں جن میں وہ مغربی لباس میں ملبوس نظر آ رہی ہیں بلکہ ایک تصویر میں تو خود کنگنا نے پھٹی ہوئی جینز پہن رکھی ہے۔
گنگوہی نامی صارف نے کنگنا کو ’منافق‘ قرار دیتے ہوئے ان کی چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ سکرٹ اور مغربی ڈریس میں ملبوس ہیں۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھی کنگنا کی ایسی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے خود پٹھی ہوئی جینز پہنی ہوئی ہے۔

ٹوئٹر صارف جیتری نے کنگنا کے ہی کمینٹ کو دہرایا جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’آج کل کی خواتین صرف مغربی مارکیٹ کی نمائندگی کرتی ہیں۔‘ ساتھ ہی ان کی مختلف تصاویر لگائیں جن میں انہوں نے مغربی برانڈ کا یا تو ڈریس پہن رکھا ہے، یا پھر جوتا جبکہ دو تصاویر میں تو کنگنا نے انتہائی مہنگا فرانسیسی برانڈ ’لوئی وٹاں‘ کا بیگ اٹھایا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ دو دن قبل پیر کے روز انڈیا کے معروف شاعر جاوید اختر کی شکایت پر بالی وڈ ادکارہ کنگنا رناوت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

شیئر: