Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوپ فرانسس عراق پہنچ گئے، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

پوپ فرانسس اپنے دورے میں عراق کے اعلیٰ حکام کے علاوہ مسیحی برادری سے بھی ملاقات کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس جنگ زدہ ملک عراق پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سکیورٹی خدشات اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود دنیا کی سب سے قدیم اور امتیازی سلوک کا شکار مسیحی برادری سے ملاقات کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق 84 برس کے پوپ فرانسس نے کہا ہے وہ امن کے لیے عراق کا اپنا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عراق کے عالم آیت اللہ علی السیستانی سے ملاقات کے بعد  شیعہ مسلک کے مسلمانوں سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایئرپورٹ پر عراق کے وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔ عراقی وزیراعظم کے ساتھ مختصر بات چیت کے بعد پوپ فرانسس صدارتی محل میں صدر برہام صالح سے ملاقات کریں گے۔
ایئرپورٹ پر پوپ فرانسس کے لیے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں عراقی شہریوں نے روایتی رقص پیش کیا۔
پوپ فرانسسس عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ بھی ایک الگ ملاقات کریں گے۔
پوپ فرانسس وزیراعظم اور صدر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی ملیں گے۔

پوپ فرانسس عراق کے مختلف شہروں کو دورہ کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد پوپ فرانسس سیریاک کیتھولک چرچ کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ پادریوں اور دیگر مذہبی افراد سے ملاقات کریں گے۔
سنیچر کو پوپ فرانسس بغداد واپس آنے سے پہلے نجف اور اُر کا سفر بھی کریں گے۔ اپنے دورے کے تیسرے دن پوپ فرانسس اربیل، موصل اور قراقوش جائیں گے۔
اربیل پہنچنے پر خودمختار ریجن کردستان کے صدر اور اعلیٰ حکام ان کا استقبال کریں گے۔ موصل میں پوپ فرانسس جنگ کے متاثرین کے لیے دعائیہ تقریب کا اہتمام کریں گے۔
دورے کے چوتھے دن پوپ فرانسس مختصر الوداعی تقریب کے بعد بغداد ایئرپورٹ سے واپس روانہ ہو جائیں گے۔

شیئر: