جعلی غیر ملکی کرنسی کم ریٹ پر فروخت کرنے کی کوشش
جعلی کرنسی فروخت کرنے پر پولیس نے مقامی شہر ی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے ( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مکہ ریجن کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ جدہ میں جعلی غیر ملکی کرنسی کو اصل ظاہر کرتے ہوئے مارکیٹ ریٹ سے کم میں فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے سعودی اور اس کے سوڈانی ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جدہ میں دو افراد غیر ملکی جعلی کرنسی کو پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ملزمان جن کی عمریں 50 اور 70 برس کے قریب ہیں کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ لوگوں کو یہ کہہ کردھوکہ دیتے تھے کہ ان کے پاس بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی ہے جسے وہ مارکیٹ سے کم نرخوں میں فروخت کر رہے ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے جعلی کرنسی نوٹوں کے 98 گڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔
دونوں ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات کے بعد ان کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔