Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ گھنٹوں سے کم اور نو گھنٹوں سے زیادہ نیند صحت کے لیے نقصان دہ؟

امریکہ کی ایک نئی تحقیق میں متنبہ کیا گیا ہے کہ رات کو پانچ گھنٹے یا اس سے کم سونے سے دماغی بیماری ڈیمینشیا کا خطرہ دوگنا ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق کے مطابق نو گھنٹے سے زیادہ سونا بھی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اس تحقیق کے لیے بوسٹن میں محققین نے 65 سال سے زیادہ عمر کے دو  ہزار 812 امریکی بالغ افراد کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا ہے۔ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ پانچ گھنٹے یا اس سے کم کی نیند ڈیمینشیا کے خطرے کو دگنا کر دیتی ہے۔ 
ڈیمینشیسا کے مرض میں یاداشت شدید متاثر ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
ماہرین سات سے آٹھ گھنٹوں کی نیند کو صحت کے لیے مفید قرار دیتے ہیں۔
امریکی نیشنل ہیلتھ سروس نے بھی تصدیق کی ہے کہ بالغ افراد کو چھ سے نو گھنٹے کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ 65 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو رات میں سات سے آٹھ گھنٹے سونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اس تحقیق کی مرکزی محقق ڈاکٹر ریبکا روبنز کے مطابق یہ تحقیق خراب نیند اور ڈیمینشیا کے پیدا ہونے کے خطرے کے درمیان تعلق کو واضح کرتی ہے۔
ڈاکٹر ریبکا روبنز کے مطابق عمر رسیدہ افراد کو مناسب آرام حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، رات کو مکمل نیند کرنا انتہائی لازمی ہے۔ 

الزائمر

محققین نے واضح کیا ہے کہ نیند میں خلل اور نیند کی غیر معمولی مدت الزائمر کی بیماری کی نشوونما کا سبب بن سکتی ہے۔
اسباب کی تحقیق
محققین نے اپنے مطالعے کومحدود تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطعی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ نیند کی خرابی ہی ڈیمینشیا کا سبب بنتی ہے۔

نیند کی کمی سے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ فوٹو فری پک

محققین نے زور دیا ہے کہ بزرگ افراد میں نیند، ڈیمینشیا اور موت کی مختلف وجوہات کے درمیان ممکنہ تعلق جانچنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
نو گھنٹے سے زیادہ سونے کا خطرہ
دوسری طرف 2019 کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ رات میں نو یا اس سے زیادہ گھنٹے سوتے ہیں ان کی یادداشت اور زبان کی مہارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ڈیمینشیا کی نشوونما کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

شیئر: