کورونا کے 354 نئے مریض، ایکٹیو کیسز بڑھ گئے
سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل 300 سے زیادہ آرہے ہیں۔ ایکٹیو کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ منگل کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 354 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 204 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید پانچ مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 578 ہو گئی ہے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد تین ہزار 398 ہوگئی، جن میں سے 560 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 137 ہے جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں 71 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
الشرقیہ ریجن میں 51، حائل ریجن میں 22، القصیم ریجن میں 17، الحدود الشمالیہ ریجن میں 14، مدینہ منورہ ریجن میں 12، تبوک ریجن میں 10، عسیر ریجن میں 9 ، الجوف ریجن میں چار، الباحہ ریجن میں تین جبکہ جازان اور نجران ریجن میں دو، دو مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک تین لاکھ 83 ہزار 106 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 73 ہزار 130 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔