عرب اتحاد نے حوثیوں کا ڈرون پرواز سے پہلے تباہ کردیا
ترجمان کا کہنا ہے ڈرون بھیجنے والے دہشتگرد بھی مارے گئے ( فوٹو: عرب نیوز)
عرب اتحاد برائے یمن نے حوثی دہشتگردوں اس ڈرون کو پرواز سے قبل ہی تباہ کر دیا ہے جس کو یمن کے علاقے عمران سے سعودی عرب پر حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمنی علاقےعمران سے حوثی دہشتگردوں نے سعودی عرب پر بارود بردار ڈرون حملے کی تیاری کر رکھی تھی۔ ڈرون کو پرواز سے قبل ہی تباہ کردیا گیا جبکہ ڈرون بھیجنے والے دہشتگرد بھی مارے گئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’عرب اتحاد حوثیوں کے دہشت گرد حملوں سے شہریوں کو بچانے کے لیے ان مقامات پر حملے کررہا ہے، جہاں سے حوثی بیلسٹک میزائل یا بارود بردار ڈرون سے حملے کی تیاری کر رہے ہوں۔‘
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’عرب اتحاد کا فوجی آپریشن بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کی جزیات کے عین مطابق ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اس سے قبل عرب اتحاد برائے یمن نے حملے کے لیے تیار حوثیوں کی بارود بردار بوٹ الصلیف بندرگاہ کے قریب تباہ کردی تھی۔
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ’حوثیوں کی کارروائیوں کی وجہ سے عالمی تجارت اور جہاز رانی کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔‘
عرب اتحاد نے صعدہ میں بیلسٹک میزائلوں اور لانچرز کا محفوظ ٹھکانہ بھی تباہ کیا ہے۔