شاہ عبداللہ زمزم سبیل رمضان سے قبل کھولنے کا فیصلہ
شاہ عبداللہ زمزم سبیل رمضان سے قبل کھولنے کا فیصلہ
بدھ 17 مارچ 2021 19:16
ایک شخص کو چار سے زیادہ کین نہیں دیے جائیں گے (فوٹو: سبق)
سعودی حکام نے آب زمزم کی شاہ عبداللہ سبیل کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ یہ سبیل رمضان سے قبل بحال کردی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایک برس قبل شاہ عبداللہ زمزم سبیل کورونا وبا کی وجہ سے بند کردی گئی تھی۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ اسے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔
آب زمزم لینے کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی۔ گیٹ پر درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور سماجی فاصلے کی بھی پابندی کرائی جائے گی۔
شاہ عبداللہ آب زمزم سبیل کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کمپلیکس میں بیک وقت 60 سے زیادہ کارکنوں کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
آب زمزم کے کین کی فیس آن لائن وصول کی جائے گی اور ایک شخص کو چار سے زیادہ کین نہیں دیے جائیں گے۔
گذشتہ سال کورونا وبا کی وجہ سے آب زمزم کی شاہ عبداللہ سبیل بند کردی گئی تھی، تاہم بعد میں مکہ کے بڑے شاپنگ سینٹرز کے ذریعے آب زمزم کے کین کی فراہمی شروع کردی گئی تھی۔
اگلے مرحلے میں پانڈا، العثیم اور لولو مارکیٹ کے صارفین کو بھی یہ سہولت فراہم کی گئی۔