Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں رمضان کی تیاریاں، زائرین کے لیے سہولتیں

افطار کیمپ اور خیمے رمضان میں مملکت کی پہچان ہیں- (فوٹو: حرمین شریفین ویب سائٹ)
مسجد الحرام میں رمضان  کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے انتظامیہ کا خصوصی اجلاس سیکریٹری ڈاکٹر سعد المحیمید کی صدارت میں ہوا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام کے مختلف اداروں اور شعبوں نے زائرین کی خدمت اور سہولت کے لیے جو سکیمیں تیار کی تھیں ان کی تفصیلات پیش کی گئیں خصوصا صحت انتظامات پر زیادہ زور دیا گیا۔ انتظامیہ کے عہدیداروں نے نماز اور عمرے کے لیے آنے والوں میں صحت آگہی پروگرام چلانے کی ضرورت اجاگر کی۔ 

رمضان کے حوالے سے زائرین کی خدمت کے لیے نئی سکیمیں تیار کی گئی ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

ڈاکٹر المحیمید نے  بتایا کہ انتظامیہ  زائرین کو مناسب اور ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔ حکومت کی طرف سے بھرپور مدد مل رہی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں رمضان  کے دوران بڑے بڑے شہروں میں افطارکیمپ اور افطار خیمے لگائے جاتے ہیں۔ ہوٹلوں اور مساجد کے احاطوں میں بھی اس کا انتظام کیا جاتا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ  کے مطابق مقامی شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا اس سال رمضان کیمپ لگانے کی اجازت ہوگی یا گزشتہ برس کی طرح کورونا وبا کی وجہ سے اس سال بھی افطار خیموں پر بندش برقرار رہے گی؟ 

اس سال افطار خیموں کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا- (فوٹو: حرمین شریفین ویب سائٹ)

سبق ویب سائٹ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس سال رمضان کیمپ لگانے کی منظوری دی جائے گی تاہم اس حوالے سے کچھ پابندیاں ہوں گی۔ اس کا باقاعدہ اعلان ایک ہفتے کے اندر ہوجائے گا۔ 
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک رمضان کے دوران افطار خیموں اور کیمپوں کے اجازت نامے جاری کرنے کی بابت کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ 
یاد رہے کہ سعودی وزارت سیاحت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو مقدم رکھے ہوئے ہے۔ وزارت نے سب لوگوں کو تاکید کی ہے کہ وہ صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فرض کے طور پر کورونا ایس او پیز کی پابندی جاری رکھیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: